دبئی۔20 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیائی سابق کپتان اسٹیو اسمتھ آئی سی سی کی جانب سے جاری تازہ ٹسٹ درجہ بندی میں دوبارہ دوسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔اسمتھ نے ایشز سیریز کے پہلے ٹسٹ کی دونوں اننگز میں سنچری بنائی تھی جبکہ دوسرے ٹسٹ کی پہلی اننگز میں انہوں نے 92 رنز بنائے ۔ زخمی ہونے کی وجہ سے وہ دوسری اننگز میں بیٹنگ کرنے نہیں آئے تھے۔ایشز میں ان کے تین اننگز میں اب تک 378 رنز ہو گئے ہیں اور اس کارکردگی کے ساتھ ہی اسٹیو اسمتھ نے ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کے سامنے سخت چیلنج بھی پیش کر دیا ہے۔اسمتھ کے ٹیم ساتھی ٹریوس ہیڈ 18 ویں اور مارنس لابشانے 16 وہ نمبر پر پہنچ گئے ہیں حالانکہ ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ اور کیمرون بینکروفٹ کو بالترتیب چار، پانچ اور پانچ مقامات کا نقصان ہوا ہے لیکن اسمتھ نے ایشز کے ابتدائی دو ٹسٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوہلی کو یہ پیغام دے دیا کہ وہ جلد ہی اول مقام حاصل کرنے والے ہیں۔ایک سال تک کرکٹ سے دور رہنے کے باوجود اسمتھ اب ہندوستانی کپتان کوہلی سے صرف نو نشانات پیچھے ہیں۔ اسمتھ کے 913 نشانات ہوگئے ہیں جبکہ کوہلی 922 نشانات کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ چتیشور پجارا نمبر چار پر برقرار ہیں۔ کوہلی کو اگر اپنا پہلا مقام برقرار رکھنا ہے، تو انہیں ویسٹ انڈیز کے خلاف شروع ہونے والی دو ٹسٹ میچ کی سیریز میں اسٹیوا سمتھ کی طرح ہی رنز بنانے ہوں گے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ میچ میں بہترین اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح دلانے والے سری لنکا کے کپتان دمتھ کرارتنے چار مقامات کے فائدے کے ساتھ آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ کرارتنے سات سال کے ٹسٹ کیریئر میں پہلی مرتبہ ٹاپ10 میں پہنچے ہیں۔