کوہلی ۔ روہت کی جوڑی سے سچن ۔ گنگولی زیادہ بہتر : چیپل

   

نئی دہلی ۔ 23ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) کپتان ویراٹ کوہلی اور روہت شرما ایک جوڑی کے طور پر رنز کا انبار لگا رہے ہیں لیکن جب اعلی سطح کے فاسٹ بولروں کا سامنا کرنے کی بات آتی ہے تو سابق آسٹریلیائی کپتان ایان چیپل کا خیال ہے کہ سچن تندولکر اور سورو گنگولی کی جوڑی کے سامنے چیلنج زیادہ سخت تھا۔ چیپل نے کہا کہ یہ دلیل دی جا سکتی ہے کہ کوہلی اور شرما ہندوستان کے بہترین بیٹسمین ہیں اور انہیں چیلنج دینے والوں میں سچن تندولکر اور سورو گنگولی کی جوڑی ہوگی جنہوں نے 15 سال تک بین الاقوامی بولروںکو پریشانی میں رکھا۔چیپل نے کہا کہ گنگولی ۔ تندولکر کے وقت میں کس طرح ہر بین الاقوامی ٹیم کے پاس دو اچھے فاسٹ بولر تھے۔ پاکستان کے وسیم اکرم اور وقار یونس، ویسٹ انڈیز کے کرٹلی ایمبروس اور کورٹنی والش، آسٹریلیا کے گلین میگرا اور بریٹ لی، جنوبی افریقہ کے ایلن ڈونلڈ شان پولاک، سری لنکا کے لیستھ ملنگا اور چمندا واس کا سامنا کرتے ہوئے کسی بھی بیٹسمین کی مہارت کااصل امتحان ہوتا ہے۔چیپل نے کہا کہ آپ کسی شخص کی شناخت اس کے مخالف کو دیکھ کر کرتے ہیں۔چیپل نے کہاکہ اپوزیشن کی مضبوطی کو دیکھتے ہوئے آپ تندولکر اور گنگولی کا پلڑا بھاری رکھیں گے۔