چند امور پر مباحث ، صرف آدھے گھنٹے میں اجلاس کا اختتام
کوہیر /31 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کوہیر منڈل کا جنرل باڈی کا سہ ماہی اجلاس آج دفتر منڈل پرجا پریشد میں صدرنشین کوہیر بی مادھوی کے زیر قیادت عمل میں آیا ۔ اس موقع پر اجلاس مقررہ وقت سے 50 منٹ تاخیر سے آغاز ہوا اور صرف آدھا گھنٹے میں اختتام کو پہونچا ۔ اس اجلاس میں بشیتر عوامی نمائندے اور سرکاری عہدیدار غیر حاضر رہے ۔ ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ اجلاس برائے نام منعقد کیا گیا ۔ اس مختصر اجلاس میں حنان کوثر ایم پی ٹی سی وارڈ نمبر 2 کوہیر نے اجلاس میں بتایا کہ گرام پنچایت کے تحت مختلف محلہ جات میں مشن بھگیرتا کا پانی سپلائی نہیں ہو رہا ہے جس کی وجہ سے عوام کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ جس محلہ گڑھی ، جہانگیر واڑہ ، تویچر وارہ ، سکنرواڑی ، باہر واڑی میں کئی ماہ سے پانی کی سپلائی نہیں ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے کوہیر منڈل میں مشن بھگیرتا پروگرام کے تحت جملہ 21 کروڑ روپئے خرچ کئے وہیں وزیر اعلی کے چندرا شیکھر راؤ نے ہر گھر کو صاف و شفاف پانی سپلائی کرنے کیلئے اس مشن بھگیرتا پروگرام کو ریاست بھر میں متعارف کروایا ہے۔ انہوں نے سرکاری عہدیداروں کو مبینہ لاپرواہی کے خلاف اجلاس میں سخت احتجاج کیا جس کے فوری بعد محکمہ آبرسانی کے عہدیداروں نے فوری نوٹ لیتے ہوئے کہا کہ یکم جون سے کوہیر میں پانی کی سپلائی کو یقینی بنانے کا یقین دیا ۔ اس کے علاوہ وینکٹ پور سرپنچ راج شیکھر نے اجلاس میں بتایا کہ موضع وینکٹاپور میں فوڈ پروسینگ یونٹ کیلئے 290 ایکر اراضی سروے نمبر 58 سرکاری زمین حاصل کی جارہی ہے ۔ زمین پر موجود کسانوں کو فی ایکر 15 لاکھ روپئے ادا کرتے ہوئے بعد ایک مکان کیلئے پلاٹ دینے کا وعدہ کیا گیا تھا اور پٹہ پاس بک میں جتنی بھی اراضی ہے کسانوں کو اتنی رقم نہیں دی جارہی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کسانوں کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے پٹہ پاس بک موجود اراضی کے مطابق رقم دی جائے اور ہر گھر میں ایک فرد کو ملازمت دی جائے ۔ ورنہ اس فوڈ پروسنگ یونٹ کے خلاف قومی شاہراہ پر بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا ۔ اس موقع پر اجلاس میں کوہیر منڈل ڈیولپمنٹ آفیسر نے سرپنچوں اور اراکین منڈل پرجا پریشد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 2 جون تا 22 جون تک ریاست تلنگانہ کے یوم تاسیس پروگرام کو قطعیت دیتے ہوئے حکومت کے جو احکامات جاری کئے گئے ہیں اس پر عمل آوری کرنے کی خواہش کی ۔ اس موقع پر رمیش سدری سرپنچ ، ملنا پاٹل ، ایم پی ٹی سی ، سرینواس ایم پی ٹی سی ، گرجواڑہ ، سرپنچ سنگاریڈی کے علاوہ دیگر اراکین شامل اور سرکاری عہدیدار موجود تھے ۔