کوہیر۔/16 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع سنگاریڈی کے کوہیر منڈل تحصیل آفس کو ای پٹہ پاس بک کے لئے آنے والے کسان کی اچانک قلب پر حملہ کے باعث موت واقع ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق تجا نائیک عمر 72 سال موضع منیار پلی تانڈہ کو موضع میں سروے نمبر 41 میں سرکاری اراضی میں 5 ایکر اراضی حکومت کی جانب سے چند سال قبل دی گئی تھی اسی زمین کے لئے ای پٹہ پاس بک حاصل کرنے کیلئے تقریباً ایک سال سے تحصیل آفس کے چکر کاٹ رہا تھا۔ ڈپٹی تحصیلدار بسواراج سے ربط کرنے پر انہوں نے وی آر او کا انتظار کرتے ہوئے باہر بیٹھنے کے لئے کہا ۔ اچانک تحصیل کے باہر زمین پر گرتے ہی تجانائیک کی موت واقع ہوگئی۔ اس کی اطلاع عام ہوتے ہی سیاسی قائدین اور اس کے افراد خاندان نے نعش کو تحصیل آفس کے سامنے رکھ کر زبردست دھرنا دیا۔ کوہیر تحصیلدار کی عدم موجودگی پر آر ڈی او ظہیرآباد رمیش بابو اور ڈی ایس پی ظہیرآباد نے مسئلہ کو سلجھاتے ہوئے کسان کی اراضی کو سروے کرواکر دینے کے تیقن پر احتجاج ختم کردیا گیا۔ اس موقع پر کوہیر منڈل صدرنشین بی مادھوی، رام داس ضلع پریشد رکن کوہیر منڈل، نائب صدر نشین محمد شاکر علی، مرتضی پٹیل، محمد ارشد علی، محمد سمیع الدین ایم پی ٹی سی، محمد رفیع الدین، محمد حامد، سمپت کمار، سندیپ کے علاوہ کسانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔