کوہیر میں ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کا افتتاح

   

رکن اسمبلی مانک راؤ کی شرکت، شراب کے خلاف خواتین کا احتجاج
کوہیر۔ /15 جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن اسمبلی ظہیرآباد کے مانک راؤ نے آج کوہیر منڈل کے موضع بڑم پیٹ میں 20 لاکھ روپئے کے ایس ڈی ایف فنڈ سے ایک سی سی سڑک کا سنگ بنیاد رکھا اور اس طرح موضع خانہ پور مہیلا سمکھیا کی نئی بلڈنگ کا افتتاح کیا جو 13 لاکھ روپئے کی لاگت سے تعمیر کی گئی ۔ موضع کتور ( کے ) میں 13 لاکھ روپئے کی لاگت سے دفتر گرام پنچایت کے تعمیراتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر منعقدہ پروگرام کو مخاطب کرتے ہوئے رکن اسمبلی نے کہا کہ 2 جون تا22 جون ریاست بھر میں یوم تاسیس پروگرام کا بڑے پیمانے پر مختلف محکمہ جات کے زیر اہتمام تقریبات منعقد کرتے ہوئے متحدہ ریاست آندھرا پردیش اور علحدہ ریاست تلنگانہ میں ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کا واضح فرق بتایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے سہارا عوام کو آسرا پنشن دیتے ہوئے ان کی کفالت کی جارہی ہے اور غریب ماں باپ کو ان کی بیٹی کی شادی کے موقع پر ایک لاکھ 116 روپئے بطور تحفہ حکومت کی جانب سے دیئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر خانہ پور میں خواتین نے سخت احتجاج کرتے ہوئے مانک راؤ کو بتایا کہ گاؤں میں رات دن نوجوانوں نے شراب پیتے ہوئے خواتین کا چلنا پھرنا مشکل ترین کردیا ہے اور نشہ کی حالت میں لڑائی جھگڑوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ خواتین نے مزید بتایا کہ خانہ پور ایک چھوٹا سا گاؤں ہے یہاں ہر دکان میں شراب باآسانی دستیاب ہورہی ہے۔ کرانہ شاپ اور ترکاری کی دکانات میں بھی انگریزی شراب حاصل ہورہی ہے۔ جس پر رکن اسمبلی نے کوہیر سب انسپکٹر پولیس کو ہدایت دی کہ موضع میں تمام بیلٹ شاپس کو مکمل طور پر بند کردیں۔ اس موقع پر کے نرسمہلو یادو صدر بی آر ایس پارٹی کوہیر منڈل، محمد کلیم الدین کے سوا کوئی دوسرا مسلم بی آر ایس پارٹی لیڈر اس تقریبات میں نظر نہیں آیا۔ اس کے علاوہ رام کرشنا ریڈی، گوردھن ریڈی، سبھاش ریڈی، روی کرن سرپنچ اور سرینواس ایم پی ٹی سی موجود تھے۔