کوہیر میں صفائی انتظامات ناقص ، وبائی امراض کا خطرہ

   

Ferty9 Clinic

سرپنچ اور دیگر عہدیداروں سے نمائندگی بے سود ، عوام میں بے چینی ، احتجاج کا انتباہ

کوہیر ۔ ضلع سنگاریڈی کے کوہیر میجر گرام پنچایت کے تحت صاف صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث عوامی صحت شدید متاثر ہونے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے مقامی عوام میں بے چینی پائی جارہی ہے ۔ کوہیر کی عوام نے بتایا کہ دفتر گرام پنچایت سے کئی ایک مرتبہ رجوع ہونے پر بھی سرپنچ اور نہ ہی پنچایت سکریٹری ( ای او )کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے ۔ کئی دنوں سے مختلف محلہ جات میں جاروب کشی نہیں ہوئی اور اس کے علاوہ موریوں اور نالیوں کی عکاسی نہ ہونے سے ہر جگہ گندہ پانی جمع ہو رہا ہے ۔ جس کی وجہ سے مختلف محلہ جات سکنرواڑی ، جہانگیرواڑہ اور قصبہ گلی کے علاوہ دیگر محلہ جات میں کوڑا کرکٹ کا ڈھیر لگاہوا ہے ۔ جس کی وجہ سے مچھروں کی افزائش ہورہی ہے ۔ کوہیر میں ملیریا ، ڈینگو جیسے امراض پھوٹ پڑھنے کا خطرہ لگا ہے کوہیر ایک گنجان آبادی والا شہر ہے جہاں پر تقریباً 20 ہزار کی آبادی موجود ہے ۔ عوام نے بتایا کہ کورونا وارئس ( کووڈ ) سے پہلے ہی شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور اس کے علاوہ کوہیر میں آوارہ کتوں کی کثرت نے عوام اور گھریلو پالتو جانوروں کا جینا محال کردیا ہے ۔ عوام نے کہا کہ فوری طور پر عوامی مسائل حل کریں ورنہ دفتر گرام پنچایت پر دھرنا دیا جائے گا اور ڈسٹرکٹ پنچایت کے علاوہ ضلع کلکٹر سے رجوع ہوکر تمام حالات سے واقف کروایا جائے گا ۔