کوہیر میں ڈگری کالج کے قیام کا مطالبہ

   

کوہیر ۔ 26 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : محترمہ عابدہ طلعت ایم پی ٹی سی کوہیر مستقر وارڈ نمبر 1 نمائندہ محمد شاہد مسعود کی زیر قیادت کوہیر سے ایک وفد نے ظہیر آباد رکن اسمبلی مسٹر کے مانک راؤ کی قیام گاہ کیمپ آفس پہنچ کر ایک یادداشت حوالے کرتے ہوئے کہا کہ کوہیر منڈل میں تعلیمی معیار گھٹتا جارہا ہے ۔ دسویں یا انٹر میڈیٹ کے زیادہ تر طلباء تعلیم ترک کررہے ہیں ۔ یہ بہت ہی افسوس ناک عمل ہے ۔ یہاں کے طلباء کو دسویں جماعت یا پھر انٹر کے بعد ظہیر آباد یا پھر سنگاریڈی کا رخ کرنا پڑرہا ہے ۔ اسی وجہ سے طلباء کو شدید مصائب کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ اسی وجہ سے انگلش میڈیم ڈگری کالج کے ساتھ ساتھ اردو اور تلگو میڈیم ڈگری کالج کی سخت ضرورت ہے بعد ازیں محمد شاہد مسعود نے بتایا کہ رکن اسمبلی کے مانک راؤ نے تیقن دیا ہے کہ بہت جلد کوہیر میں ڈگری کالج کی سعی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ تلنگانہ میں تعلیمی پسماندگی ختم کرنے کے لیے سنجیدہ ہیں ۔ ریاست تلنگانہ میں 204 اقامتی اسکولوں کا قیام اس کی ایک نظیر کے طور پر دیکھا جاسکتا ہے جس میں 64 ہزار طلباء مفت قیام و طعام کے ساتھ زیر تعلیم ہیں ۔ اس موقع پر کوہیر سرپنچ عطیہ جاوید افتخار احمد کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔۔