کوہیر میں گزشتہ چند دنوں سے جاری بارش سے نشیبی علاقے زیر آب

   

Ferty9 Clinic

9 ہزار ایکڑ اراضی کی فصلیں تباہ، سڑکیں جھیل میں تبدیل

کوہیر ۔ کوہیر منڈل مستقر اور اطراف کے علاقوں میں گزشتہ 3 دنوں سے وقفہ وقفہ سے جاری بارش کی وجہ سے نشیبی علاقہ زیر آب ہوگئے اور سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں۔ محکمہ زراعت کے عہدیداروں کے مطابق تقریباً 9 ہزار ایکڑ اراضی پر واقع خریف کی کھڑی فصلیں کھیتوں میں پانی ٹھہرنے سے فصلوں کو نقصان ہونے کا اندیشہ ہے جس میں کپاس، سویا بین، ادرک، مونگ، اڑد، مکئی، تور، پیاز، گنے کے علاوہ ترکاریوں کی فصل کو نقصان ہوسکتا ہے۔ کوہیر مستقر کے علاوہ دیگر مواضعات میں موریوں اور نالیوں کی نکاسی نہ ہونے سے بارش کا پانی سڑکوں پر بہتا جارہا ہے اور اس دوران عوام کو پانی جمع ہونے سے راستہ چلنا دشوار کن ہوگیا ہے۔ کوہیر اور کوہیر کی سڑک واقع نارنجہ اور مدری چوراستہ کا نارنجہ پل میں پانی کے بہاؤ میں زبردست اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے اطراف کے کھیتوں میں پانی جمع ہوگیا ہے۔ اس دوران کوہیر مستقر کی سڑکیں اس بارش سے پوری طرح خستہ حال ہوگئی ہیں۔ کوہیر کی عوام نے ارباب مجاز سے فوری سڑکیں مرمت کرنے کا مطالبہ کیا۔