عہدیداروں کے مستقل نہ رہنے کی وجہ مسائل کے انبار ، سبھاش راؤ نے انچارج کمشنر کی حیثیت سے جائزہ لیا
کوہیر۔ 27 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ظہیرآباد میونسپل کمشنر سبھا راؤ کو انچارج کوہیر میونسپل کمشنر کی حیثیت سے تقرر کیا گیا۔ انہوں نے 26 جولائی کو دفتر میونسپل کوہیر پہنچ کر اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔ واضح رہے کہ کوہیر میجر گرام پنچایت کو 6 ماہ قبل آبادی کے تناسب سے میونسپل کا درجہ دیا گیا تھا جس کے بعد میونسپل دفتر میں کوئی مستقل سرکاری عہدیدار نہیں رہا، بعض ایک ماہ یا دو ماہ کیلئے آئے، اور چلے گئے، اس طرح 5 ماہ 4 کمشنرس یہاں سے چلے گئے۔ کوئی تبادلہ پر گئے تو کوئی میڈیکل رخصت پر چلے گئے ہیں۔ کوہیر ایک میونسپلٹی ہونے کے باوجود یہاں پر کوئی اسپیشل گرانڈ تک جاری نہیں کی گئی اور نہ ہی کوئی مستقل میونسپلٹی کا عملہ دیا گیا جس کی وجہ سے کوہیر میں عوامی مسائل کا انبار ہے۔ کوہیر کی آبادی تقریباً 20 ہزآر ہے۔ کوہیر میونسپل میں سڑکیں، اسٹریٹ لائیٹس، برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ کیلئے عوام کو کافی دشواریاں پیدا ہورہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ 56 دنوں سے کمشنر نہ ہونے کے سبب ڈیجیٹل سائن کا ٹوکن نہیں ہے۔ اس معاملے میں کوہیر کے عوام سے میونسپلٹی کے بارے میں دریافت کرنے پر بتایا کہ کوہیر گرام پنچایت سے میونسپل میں شامل ہورہا ہے۔ اس لئے عوام ترقی کو لے کر خوشی کا اظہار کئے تھے لیکن اب خوشی عارضی نظر آرہی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ پانچویں کمشنر کوہیر میں کتنے دن اپنی خدمات انجام دیں گے۔