کوہیر۔/4اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈاکٹر جی چنا ریڈی پلاننگ کمیشن نائب چیرمین اور شریمتی جیوتی ڈی آر ڈی او ضلع سنگاریڈی نے کوہیر منڈل کے موضع گڈگیار پلی میں واقع واٹر شیڈ پروگرام کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور کسانوں سے بات چیت کی۔ اس موقع پر محمدافسر انجینئر نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 2001 میں 24 لاکھ یومیہ کی لاگت سے اس پروگرام کو موضع میں شروع کیا گیا تھا جس کی وجہ سے کم خرچ میں اس گاؤں کے کسان سالانہ 3 فصلیں اُگارہے ہیں کیونکہ اس پروگرام سے زمینی سطح میں پانی کا ذخیرہ کافی حد تک جمع ہوگیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موضع کے کئی کسان نقل مقام کرتے ہوئے بڑے بڑے شہروں میں زندگی گذارتے تھے اب یہاں سے کوئی نقل مقام نہیں کررہا ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر چناریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آبپاشی پراجکٹ کیلئے کروڑہا روپئے خرچ کررہی ہیں۔ کم خرچ میں یہاں کے کسان سالانہ 3 فصل اُگاکر کافی خوشحال زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے اس طرح کے واٹر شیڈ پروگرام کو ریاست تلنگانہ ہی نہیں بلکہ ملک کی ہر ریاست میں تجربہ کرنے کی ضرورت ہے۔اس پروگرام کی تمام تفصیلات ریاستی وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کے علم میں لائی جائیں گی اور اس واٹر شیڈ کا خود نظارہ کرنے کیلئے چیف منسٹر کو دعوت دیں گے تاکہ آبپاشی پراجکٹ پر کروڑہا روپیوں کا خرچ کم کیا جاسکے۔ اس موقع پرشریمتی جیوتی ڈی آر ڈی او نے بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ضلع سنگاریڈی میں واٹر شیڈ پروگرام کامیابی کے ساتھ جاری ہے یہاں کے کسانوں نے مل کر بات چیت کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور اس واٹر شیڈ پروگرام کو خشک سالی علاقوں میں متعارف کروانے کی ضرورت ہے ۔ اس کے علاوہ آر ڈی او ظہیرآباد پی رام ریڈی نے مخاطب کیا۔ اس موقع پر تحصیلدار کوہیر بالا شنکر، راجیا سابق سرپنچ، محمد اشرف علی سابق کوآپشن ممبر کے علاوہ دیگر موجود تھے۔