کوہیر کے وارڈس کی از سر نو تقسیم ضروری

   

ووٹر لسٹ پر بھی نظرثانی، کوہیر میونسپل کمشنر کو یادداشت پیش
کوہیر۔ 10 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محمد شمشیر علی صدر کانگریس پارٹی کوہیر ٹاؤن کی قیادت میں آج کانگریس پارٹی قائدین محمد شوکت علی سابق صدر نشین کوہیر منڈل محمد عبدالحنان جاوید سابق ایم پی ٹی سی، محمد مزمل کانگریس پارٹی یوتھ صدر کوہیر منڈل، اشوک زرعی مارکٹ کمیٹی ڈائرکٹر، ناگیش، ارون کمار، ستیش دفتر مجلس بلدیہ پہنچ کر یادداشت حوالے کی۔ اس موقع پر محمد جمشید علی نے بتایا کہ ضلع سنگاریڈی قانون ساز اسمبلی حلقہ کے تحت کوہیر میونسپلٹی کے 16 بلدیہ وارڈس میں محکمہ بلدیہ کے عہدیداروں کی جانب سے 5 جون کو ترتیب دی گئی۔ وارڈس کی حد بندی تقسیم نو اور ووٹر لسٹ درست کرنے کا مطالبہ کیا گیا کیونکہ وارڈس کی تقسیم، حد بندی کو صحیح طریقہ سے ترتیب نہیں دیا گیا اور ووٹر لسٹ میں کئی غلطیاں موجود ہیں۔ اس کو بھی از سر نو صحیح طریقہ سے درست کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خاندانوں اور گھر نمبروں کو ایک یونٹ کے طور پر لے کر پوری ایک ہی اکائی کے طور پر رکھا کر تیار کریں۔ اس کے لئے مقامی سیاسی قائدین اور عوام رائے طلب کریں۔ انہوں نے میونسپل کمشنر سے حواہش کی ہیکہ ووٹر لسٹ کا دوبارہ جائزہ لیں اور نئی ووٹر لسٹ درست کریں۔ اس موقع پر کمشنر نے بتایا کہ وارڈس تقسیم نو حدبندی کے لئے جملہ 7 درخواست موصول ہوئی ہیں۔ 11 جون وارڈس کی تقسیم اور ووٹر لسٹ کے تعلق سے کل جماعتی اجلاس دفتر مجلس میں ٹاؤن پلاننگ آفیسر کی موجودگی میں منعقد کیا جائے گا۔ سب کی رائے طلب کرنے کے بعد ہی حتمی لسٹ کو تیار کیا جائے گا۔