دسہرہ کو تعمیری کاموں کا آغاز، باٹا سنگارم میں 11 ایکر پر عارضی مارکٹ، ریاستی وزراء اور عوامی نمائندوں کا دورہ
تاجرین نے حکومت کی تجاویز کو قبول کرلیا، گڈی انارم میں سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کیلئے عنقریب سنگ بنیاد
حیدرآباد 11 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے گڈی انارم فروٹ مارکٹ کی منتقلی سے پیدا تنازعہ کی یکسوئی کرتے ہوئے فروٹ تاجرین کو کوہیڈا میں عالمی معیار کی مارکٹ کے قیام تک عارضی طور پر باٹا سنگارم منتقل ہونے راضی کرلیا ہے۔ چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ نے ریاستی وزراء محمد محمود علی، نرنجن ریڈی اور سبیتا اندرا ریڈی کو ذمہ داری دی تھی کہ وہ عوامی نمائندوں اور حکام کے ساتھ باٹا سنگارم اور دیگر مقامات کا دورہ کرکے مارکٹ کے قیام کی تیاریوں کا جائزہ لیں۔ تینوں وزراء نے ارکان اسمبلی احمد بلعلہ، جعفر حسین معراج، سدھیر ریڈی، ایم کشن ریڈی اور ڈائرکٹر مارکٹنگ لکشمی بائی اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ باٹا سنگارم اور گڈی انارم سے متصل متبادل اراضی کا معائنہ کیا۔ تاجرین کو تیقن دیا گیا کہ حکومت کوہیڈا علاقہ میں 178 ایکر اراضی پر عالمی معیار کی فروٹ مارکٹ قائم کرے گی جس کیلئے کئی عالمی مارکٹس کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ وزراء نے بتایا کہ مستقل مارکٹ کی تعمیر کیلئے وقت درکار ہے لہذا باٹا سنگارم میں 11 ایکر اراضی پر عارضی مارکٹ قائم کی جائے گی جہاں کولڈ اسٹوریج اور دیگر سہولتیں حاصل رہیں گی۔ وزیرداخلہ محمد محمود علی اور وزیر زراعت نرنجن ریڈی نے بتایا کہ دسہرہ کے موقع پر دونوں مارکٹس میں تعمیری کاموں کا آغاز کردیا جائیگا ۔ کوہیڈا میں تعمیری کاموں کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ اُنھوں نے بتایا کہ تاجرین کو اندیشوں کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ حکومت مستقل مارکٹ میں تمام تر انفراسٹرکچر فراہم کرے گی۔ اُنھوں نے بتایا کہ گڈی انارم مارکٹ کے مقام پر سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل تعمیر کیا جائے گا۔ وزیرداخلہ نے بتایا کہ چیف منسٹر نے غریبوں کے لئے سرکاری سطح پر بہتر علاج کی سہولتوں کی فراہمی کے لئے شہر کے چاروں سمت سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ توقع ہے کہ چیف منسٹر بہت جلد ہاسپٹل کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اُنھوں نے بتایا کہ باٹا سنگارم چونکہ آؤٹر رنگ روڈ سے متصل ہے لہذا گاڑیوں کی آمد و رفت اور پارکنگ کے لئے کوئی دشواری نہیں ہوگی۔ لاجسٹک پارک کو منتقل کرتے ہوئے 11 ایکر اراضی پر فروٹ مارکٹ عارضی طور پر قائم کی جائے گی۔ نرنجن ریڈی نے بتایا کہ فروٹ تاجروں نے حکومت کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے باٹا سنگارم منتقلی کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ گڈی انارم فروٹ مارکٹ کے تاجرین نے باٹا سنگارم منتقلی کی تجویز سے اختلاف کیا تھا۔ اُن کا کہنا تھا کہ باٹا سنگارم کے بجائے کوہیڈا میں مارکٹ کے قیام تک گڈی انارم مارکٹ کی سرگرمیوں کو برقرار رکھا جائے۔ ر