نظام آباد: 10؍ دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صنعت نگر کی قدیم درگاہ حضرت سید ابراہیم شاہ رحمتہ اللہ علیہ پر آج صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے بصدعقیدت و احترام حاضری دی اور چادر گل و غلاف مبارک پیش کیا۔ اس موقع پر مسجد ابراہیم کے امام صاحب نے کلواکنٹلہ کویتا کی عوامی خدمت کے جاری سلسلہ بالخصوص ان کے جنم باٹا پروگرام کے تحت جاری دوروں کی کامیابی کے لئے دعا کی۔بعد ازاں کلواکنٹلہ کویتا نے مدرسہ ابراہیم کے معصوم طلباء سے ملاقات کی، ان کے ساتھ خوشگوار وقت گزارا اور اس سال حفظ مکمل کرنے والے طلباء کی گلپوشی کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں کلواکنٹلہ کویتا نے بتایا کہ جنم باٹا پروگرام کے تحت آج اسمبلی حلقہ صنعت نگر کے مختلف علاقوں کے دورہ کے دوران درگاہ حضرت ابراہیم شاہؒ کی زیارت کا بھی موقع ملا۔یہ تقریباً 400 سال پرانی درگاہ بتائی گئی ہے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ریاست بھر میں مختلف درگاہوں پر حاضری کے دوران یہ بات واضح ہوئی ہے کہ وقف بورڈ کی غفلت کے باعث درگاہوں میں ضروری انتظامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔