کویتا سے صدر نشین اقلیتی کمیشن طارق انصاری کی ملاقات

   

حیدرآباد ۔ 22 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : صدر نشین تلنگانہ اقلیتی کمیشن طارق انصاری نے دہلی سے حیدرآباد واپس ہونے پر بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا سے ملاقات کی اور انہیں اگادی کی مبارکباد پیش کی اور کویتا نے بھی انہیں مقدس ماہ رمضان کے آغاز کی پیشگی مبارکباد دی ۔ مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے طارق انصاری نے بتایا کہ بی جے پی قیادت سربراہ بی آر ایس اور چیف منسٹر کے سی آر سے خوفزدہ ہے ۔ اس لیے مختلف سیاسی ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے ان کی دختر کے کویتا کو ایک سازش کے تحت جھوٹے الزامات میں پھنسانے کی کوشش کررہی ہے اور قومی تحقیقاتی ایجنسیوں کا بیجا استعمال کررہی ہے ۔ صدر نشین اقلیتی کمیشن نے بتایا کہ سارا تلنگانہ کویتا کے ساتھ ہے ۔ تلنگانہ کے اقلیتوں کی جانب سے تمام بزرگان دین کے آستانوں میں دعا کی گئی ۔ کویتا سے ملاقات کے دوران صدر نشین کمیشن کے عہدے کا جائزہ لینے کے بارے میں بھی تبادلہ خیال ہوا ہے ۔ بہت جلد اس کی تاریخ کو قطعیت دی جائے گی ۔ کویتا نے انہیں بے باک انداز میں اقلیتوں کے مسائل حل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ طارق انصاری نے بی آر ایس کو ایک سیکولر جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے گنگا جمنی تہذیب کو فروغ دیا جارہا ہے ۔ فرقہ پرست بی جے پی کا صرف بی آر ایس مقابلہ کرسکتی ہے ۔ فرقہ پرستوں کے ناپاک عزائم کو تلنگانہ میں کبھی کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا ۔ تلنگانہ حکومت کی کارکردگی سارے ملک کے لیے رول ماڈل بن گئی ہے ۔ تلنگانہ میں بی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے سماج کے تمام طبقات مطمئن ہیں ۔۔ ن