کویتا شراب اسکام کی رانی‘ راہول گاندھی پر تنقید قابل مذمت: مہیش کمار گوڑ

   

حکومت کی کارکردگی سے عوام مطمئن۔ بی آر ایس نے تلنگانہ پر 7 لاکھ کروڑ قرض عائد کردیا
حیدرآباد۔ 26 اپریل (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے بی آر ایس کے رکن اسمبلی کے کویتا کو میگھا راؤڈی اور شراب اسکام کی رانی قرار دیا۔ راہول گاندھی پر کئے گئے تنقید کی سخت مذمت کی۔ ایچ آئی سی سی نے آج میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ راہول گاندھی کے بارے میں بات کرنے کا کویتا کو اخلاقی حق بھی نہیں ہے۔ کویتا نے راہول گاندھی کے خلاف جو ریمارکس کئے ہیں کانگریس پارٹی اس کی سخت مذمت کرتی ہے۔ بی آر ایس کے دور حکومت میں شہر حیدرآباد اور اس کے اطراف و اکناف اراضیات کی فروخت پر تب کویتا خاموش کیوں تھیں، آج اس کو کیوں سیاسی موضوع بنایا جارہا ہے۔ بی آر ایس کے دور حکومت میں 30 ہزار کروڑ روپے کی قیمتی اراضی فروخت کی گئی تب اپوزیشن کے احتجاج پر یہ کہا گیا کہ ترقیاتی اور فلاحی کاموں کی انجام دہی کے لئے اراضیات فروخت کی جارہی ہیں۔ 10 سال تک حکمرانی کرنے والی بی آر ایس نے تلنگانہ کو 7 لاکھ کروڑ روپے کا مقروض بنا دیا ہے۔ حکومت فلاحی اور ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کے لئے سرکاری اراضی فروخت کررہی ہے تو اپوزیشن بی آر ایس اور بی جے پی کی جانب سے واویلا مچاتے ہوئے حالات کو کشیدہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کویتا کی وجہ سے ریاست تلنگانہ کا سر شرم سے جھک گیا ہے۔ شراب اسکام میں ملوث ہونے والی کویتا نے راہول گاندھی کے خلاف جو الزامات عائد کئے گئے ہیں وہ سراسر بے بنیاد ہیں۔ ریونت ریڈی حکومت 6 ضمانتوں کے علاوہ انتخابی منشور کے ذریعہ کئے گئے تمام وعدوں کی تکمیل کررہی ہے اور ان فلاحی اسکیمات پر بھی عمل آوری کی جارہی ہے جو انتخابی منشور میں وعدہ نہیں کیا گیا تھا۔ حکومت کی کارکردگی سے ریاست کے عوام مطمئن ہیں جس سے بی آر ایس بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے۔ حکومت کو بدنام کرنے کے لئے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کئے جارہے ہیں۔ تلنگانہ حکومت کی کارکردگی سے راہول گاندھی پوری طرح مطمئن ہیں اور تلنگانہ کو ملک کے دیگر ریاستوں کے لئے رول ماڈل کے طور پر پیش کررہے ہیں۔ 2