پارٹی میں نوجوانوں اور خواتین کو زیادہ اہمیت دی جائے گی ۔ نئی قیادت کو ابھارنے کا عزم
حیدرآباد ۔ 27 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ کی سیاست میں ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں کے کویتا نے اپنی نئی سیاسی پارٹی کے قیام کا باضابطہ اعلان کردیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 25 اپریل کو نئی پارٹی تشکیل دی جائے گی ۔ اسی دن پارٹی کے نام اور جھنڈے کی بھی نقاب کشائی کی جائے گی اور ایجنڈے کی بھی وضاحت کی جائے گی ۔ یہ اعلان انہوں نے سری رام نومی کے موقع پر کیا اور اپنے حامیوں اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ میڑچل کے منیر آباد گاؤں میں منعقد ہونے والے کنونشن میں بڑی تعداد میں شرکت کریں ۔ کویتا نے کہا کہ میں نظام آباد کی بہو ہوں اور نظام آباد کی مٹی بہت خاص ہے اور یہاں سے لیا گیا فیصلہ پورے ملک کو متاثر کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو ایک مضبوط سیاسی متبادل کی ضرورت ہے ۔ تشکیل تلنگانہ کے 12 سال بعد بھی پانی ، فنڈز اور ملازمتوں کے معاملات میں مکمل انصاف نہیں ہوسکا اور عوام کو سونچنا چاہئے کہ وہ کس طرح کی حکمرانی کے تحت زندگی گذار رہے ہیں ۔ کویتا نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کی نئی پارٹی میں خواتین اور نوجوانوں کو بہت زیادہ اہمیت دی جائے گی ۔ اور نئی نسل کی قیادت کو آگے لایا جائے گا ۔ بی آر ایس سے الگ ہونے کے بعد ان کا یہ فیصلہ ریاستی سیاست میں بڑی سنسنی پیدا کررہا ہے ۔ سیاسی حلقوں بالخصوص حکمران جماعت کانگریس اصل اپوزیشن بی آر ایس اور بی جے پی میں موضوع بحث بن چکا ہے ۔ اب یہ دیکھنا اہم ہوگا کہ تلنگانہ کے جذبات اور ثقافتی بنیادوں پر کویتا اپنی نئی پارٹی کے ذریعہ عوام تک کس حد تک پہونچ پاتی ہے ۔۔ 2