کویتا کو بہت جلد ضمانت کا امکان : کے ٹی آر

   

بی آر ایس ایم ایل سی کا تہاڑ جیل میں مشکل دور ، ارکان خاندان سے ضمانت کی مساعی
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ ہفتہ 10 دن میں بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا کو ضمانت منظور ہوجانے کے امکانات ہیں ۔ کویتا تہاڑ جیل میں مشکل دور سے گذر رہی ہے ۔ جس کا 11 کلو وزن بھی کم ہوگیا ہے ۔ دہلی شراب اسکام کیس میں گرفتار ہو کر تہاڑ جیل میں رہنے والی کویتا کی ضمانت کے لیے بی آر ایس پارٹی اور ان کے ارکان خاندان کی جانب سے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے ۔ تہاڑ جیل میں اپنی بہن کویتا سے ملاقات کرنے کے بعد کے ٹی آر نے دہلی میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہن جیل میں مشکل دور سے گذر رہی ہے ۔ بی پی کے مسائل سے دوچار ہے اور روزانہ بی پی کی دو گولیاں کھانے کی نوبت آگئی ہے ۔ 11 ہزار قیدیوں کی رہنے والی گنجائش کی جیل میں 30 ہزار قیدیوں کو رکھا گیا ہے ۔ جیل میں صاف صفائی کے کوئی انتظامات نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کی بھی تشہیر ہورہی ہے کہ جیل جاکر آنے والے مستقبل میں بہت بڑے لیڈر بنتے ہیں ۔ ملک کی سیاست میں عوام کے حقوق کی لڑائی لڑنے والوں کو ایسے ہی حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ضمانت کے لیے پھر ایک مرتبہ اپیل کی گئی ہے ۔ اسی کیس میں گرفتار ہونے والے دہلی کے سابق ڈپٹی چیف منسٹر منیش سسوڈیا کو ضمانت مل جانے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ جب انہیں ضمانت مل گئی ہے تو دوسروں کو بھی ضمانت مل جانے کی توقع ہے ۔۔ 2