قومی تحقیقاتی ایجنسیاں وزیراعظم کی کٹھ پتلی ، تلنگانہ میں بی جے پی ترجمان میڈیا پر امتناع عائد کرنے کا انتباہ
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کویتا کو دی گئی نوٹس ای ڈی کی نہیں بلکہ مودی کی نوٹس ہے ۔ حکومت کے خلاف گمراہ کن پروپگنڈہ کرنے والے بی جے پی کے ( موتھ پیس ) ترجمان میڈیا اداروں پر مناسب وقت پر امتناع عائد کرنے کا انتباہ دیا ۔ آج تلنگانہ بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر ریاستی وزراء ای دیاکر راؤ ، سرینواس گوڑ ، وی پرشانت ریڈی ، پی اجئے کمار کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ 8 سال سے ملک میں جملہ بازی کی حکومت چل رہی ہے ۔ تلنگانہ کے وزراء اور بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کے خلاف مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں نے دھاوے کئے ہیں ۔ اس کے بعد کویتا کو ای ڈی کی جانب سے نوٹس جاری کی گئی ہے ۔ مرکزی تحقیقاتی ایجنسیاں وزیراعظم نریندر مودی کی کٹھ پتلی بن گئی ہیں ۔ مودی حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئی ۔ مرکزی حکومت سے سوال کرنے والے اپوزیشن جماعتوں کے خلاف دھاوے کئے جارہے ہیں ۔ مقدمات درج کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے گوتم اڈانی کو مودی کا بے نامی قرار دیا ۔ ہینڈن برگ کی رپورٹ کے باوجود اڈانی کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا قواعد کو تبدیل کرتے ہوئے ایک شخص کو ایرپورٹس حوالے کرتے ہوئے ملک کا دیوالیہ نکالا گیا ۔ بدعنوانیوں میں ملوث رہنے والے اڈانی کے خلاف ایک مقدمہ بھی درج نہیں کیا گیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بی جے پی میں شامل ہونے والے قائدین کے خلاف درج مقدمات غائب ہوگئے ۔ سال 2014 سے اب تک اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کے خلاف ای ڈی نے 5422 مقدمات درج کئے جن میں صرف 23 مقدمات کے فیصلے ہوئے ہیں ۔ ملک کو اپوزیشن سے پاک بنانے کے لیے مودی کام کررہے ہیں ۔ کانگریس کے خلاف 24 ٹی ایم سی کے خلاف 19 این سی پی کے خلاف 11 شیوسینا ادھوٹھاکرے کے خلاف 8 ڈی ایم کے خلاف 6 بی جے ڈی کے خلاف 6 مقدمات ای ڈی نے درج کئے ہیں ۔ کرناٹک میں بی جے پی کے رکن اسمبلی کا فرزند رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ۔ اس کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا ۔ ایک مافیا کی طرح میڈیا کو چلانے کا بی جے پی پر الزام عائد کیا ۔ انہوں نے تلنگانہ میں بی جے پی کے ترجمان ایک چیانل اور ایک اخبار پر حکومت کے خلاف گمراہ کن پروپگنڈہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مناسب وقت پر ان میڈیا ہاوزس پر امتناع عائد کردینے کا انتباہ دیا ۔۔ ن