کویتا کو ویمنس ونگ صدر بنانے کا امکان

   

حیدرآباد ۔ 30 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : دہلی لکر اسکام میں ایم ایل سی کے کویتا کی تہاڑ جیل سے ضمانت پر رہائی کے بعد امکان ہے کہ انہیں بی آر ایس کی ویمن ونگ کی صدر کی ذمہ داری دی جائے گی ۔ حیدرآباد پہنچنے کے بعد کویتا نے جو تبصرہ کیا ہے ۔ اس سے یہ قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ گلابی پارٹی کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ ان کی دختر کو پارٹی کی ویمنس ونگ کی باگ دوڑ حوالہ کرسکتے ہیں ۔ ذرائع نے کہا کہ کویتا ان کے بھائی اور پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ کے ساتھ پارٹی میں اہم رول ادا کرنا چاہتی ہیں ۔ یہ ایم ایل سی سمجھا جاتا ہے کہ خواتین کے کاز کے لیے جدوجہد کرنے میں دلچسپی دکھا رہی ہیں ۔ جو ریاست کی آبادی کا تقریبا 50 فیصد ہیں ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ انہوں نے ریاستی اسمبلیوں اور لوک سبھا میں خواتین کے لیے 33 فیصد تحفظات کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کئی احتجاجی پروگرامس منظم کئے تھے ۔ کویتا نے علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام سے قبل اور بی آر ایس کے دس سالہ دور حکومت میں بھی تلنگانہ جاگروتی کے بیانر تلے اسٹیٹ فیسٹیول ، بتکماں کو بھی بڑھاوا دیا تھا ۔۔