کویتا کو کونسل کی رکنیت پر اسپیکر اور وزراء کی مبارکباد

,

   

نظام آباد مجالس مقامی زمرے سے کامیابی یقینی
حیدرآباد۔ 18 مارچ (سیاست نیوز) نظام آباد میں مجالس مقامی زمرے کے تحت قانون ساز کونسل کی رکنیت کے لیے ٹی آر ایس امیدوار کی حیثیت سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے قبل کے کویتا نے اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی سے منسٹر کوارٹرس پہنچ کر ملاقات کی۔ اس موقع پر ریاستی وزیر امور مقننہ پرشانت ریڈی اور نظام آباد سے تعلق رکھنے والے ارکان مقننہ جیون ریڈی، عامر شکیل اور دوسرے موجود تھے۔ کویتا کو اسپیکر اسمبلی اور دوسروں نے مبارکباد پیش کی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی وزیر پرشانت ریڈی نے کہا کہ متحدہ نظام آباد ضلع کے 9 ارکان اسمبلی کی درخواست پر چیف منسٹر نے کویتا کے نام کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا۔ پرشانت ریڈی نے کہا کہ ضلع کی ترقی کے لیے تمام ارکان مقننہ متحدہ جدوجہد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کویتا بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گی۔ مجالس مقامی کے تحت جملہ 824 ووٹ ہیں، جن میں ٹی آر ایس کے ووٹرس کی تعداد 532 ہے جبکہ حلیف جماعت مجلس کے بھی ووٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو 140 اور بی جے پی کو 85 ووٹ ہیں۔ عددی طاقت کے اعتبار سے کویتا کی کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمہ جہتی ترقی کے لیے کے سی آر نے کویتا کو امیدوار بنایا ہے۔ رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے کویتا نے نظام آباد کے لیے جو خدمات انجام دیں انہیں فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ اسی دوران ریاستی وزراء ای دیاکر رائو اور ستیہ وتی راتھوڑ کے علاوہ ٹی آر ایس ارکان مقننہ کے پربھاکر، ایم سرینواس ریڈی اور سی بالا ملو نے کویتا کو مبارکباد پیش کی۔