کویتا کی بھاری اکثریت سے کامیابی یقینی

,

   

:: نظام آباد ایم ایل سی انتخابات ::
کانگریس اور بی جے پی سیاسی منظر سے غائب : رکن اسمبلی عامر شکیل

حیدرآباد :۔ ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی عامر شکیل نے کہا کہ آج ضلع نظام آباد مقامی اداروں کے کونسل کوٹہ کیلئے منعقدہ رائے دہی صرف ضابطہ کی کارروائی ہے ۔ دراصل پرچہ نامزدگی داخل کرتے ہوئے ٹی آر ایس امیدوار کے کویتا کامیاب ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سیاسی منظر سے غائب تھی ۔ 100 فیصد کی رائے دہی ہوئی ہے جس میں ٹی ار ایس کی امیدوار تقریبا 90 فیصد ووٹ حاصل کریں گی ۔ عامر شکیل نے کہا کہ مقامی اداروں کے تمام منتخب امیدواروں نے ٹی آر ایس کو ووٹ دینے کا پہلے ہی فیصلہ کرلیا تھا ۔ کانگریس اور بی جے پی کے امیدوار صرف برائے نام تھے ۔ جس کی وجہ سے دونوں جماعتوں کے بیشتر منتخب عوامی نمائندوں نے رضاکارانہ طور پر حکمراں جماعت ٹی آر ایس میں شامل ہوتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ۔ دونوں قومی جماعتیں کانگریس اور بی جے پی کا تلنگانہ میں وجود خطرے میں پڑ گیا ہے ۔ جب 12 اکٹوبر کو نتائج جاری ہوں گے اندازہ ہوگا کہ کس کا کیا مقام ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت کے فلاحی اسکیمات اور تعمیری و ترقیاتی اقدامات سے ریاست کے عوام بالخصوص سماج کے تمام طبقات پوری طرح مطمئن ہیں ۔ ریاست میں مستقبل میں جو بھی انتخابات کامیابی صرف ٹی آر ایس کی ہوگی۔ شکست کے باوجود کویتا نے کبھی ہار نہیں مانی اور ہمیشہ خدمات کے جذبہ سے عوام کے درمیان رہی جس کا نتیجہ ہے کہ مقامی اداروں کے منتخب عوامی نمائندے انہیں بھاری اکثریت سے قابل احترام کامیابی دلانے کے لیے متحد ہوگئے ۔ نتائج سے قبل ٹی آر ایس کے حلقوں میں جشن کا ماحول ہے جب کہ کانگریس اور بی جے پی کے حلقوں میں مایوسی چھائی ہوئی ہے ۔۔