کویتا کی بھوک ہڑتال ختم،زبردستی پولیس اسٹیشن منتقل

   

حیدرآباد10مارچ(یواین آئی) تلنگانہ جاگروتی تنظیم کی صدرکے کویتا کے دورہ ضلع کھمم کے دوران زبردست کشیدگی دیکھنے میں آئی ۔ جب کویتا ویلوگومتلاکے ان متاثرین سے ملاقات کرنے پہنچیں جن کے مکانات کو بھودان اراضی کے تنازعہ پر منہدم کر دیا گیا تھا۔ کویتا نے پہلے امبیڈکر کے مجسمہ کے پاس احتجاجی دھرنا دیا اور بعد ازاں امبیڈکر بھون میں بھوک ہڑتال پر بیٹھ گئیں۔پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے دھرنا ختم کروانے کی کوشش کی جس پر مظاہرین اور پولیس میں شدید دھکم پیل ہوئی۔ اس دوران ایک خاتون کانسٹیبل مبینہ طور پر بے ہوش ہو گئیں جس کے بعد پولیس نے کویتا اور دیگر کو زبردستی حراست میں لیکر پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا۔

موقع پر موجود بی آر ایس کارکنوں کا کہنا ہے کہ وہ متاثرین کو انصاف دلانے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے جبکہ کھمم پولیس نے واضح کیا ہے کہ ڈیوٹی پر موجود ملازمین پر حملہ کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کئے جا رہے ہیں۔ فی الحال علاقہ میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی اور صورتحال بدستور تناؤ کا شکار ہے ۔