کویتا کی سالگرہ کے موقع پر وزراء اور عوامی نمائندوں کی مبارکباد

   

دہلی میں خصوصی طیارہ سے مبارکبادی کا بیانر لہرایا گیا

حیدرآباد۔/13 مارچ، ( سیاست نیوز) رکن قانون ساز کونسل کے کویتا کی سالگرہ کے موقع پر آج نہ صرف تلنگانہ بلکہ بیرون ملک ٹی آر ایس کے حامیوں کی جانب سے مختلف تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ ریاستی وزراء ٹی ہریش راؤ، ستیہ وتی راٹھور، محمد محمود علی اور ارکان اسمبلی و کونسل نے کویتا کو مبارکباد پیش کی۔ ہریش راؤ نے ٹوئٹر پر کویتا کے ساتھ اپنی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے سالگرہ کی دلی مبارکباد پیش کی۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی اور دیگر قائدین کی موجودگی میں کویتا نے کیک کاٹا۔ کویتا کے حامیوں کی جانب سے مختلف فلاحی پروگرام منعقد کئے گئے۔ نظام آباد سے تعلق رکھنے والے کویتا کے حامی چنا گوڑ نے مہا بلیشور میں مندر کے قریب 10 کشتیوں پر کویتا کی تصویر کے ساتھ سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے بیانرس لگائے جو عوام کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ چیف منسٹر کے سی آر کی ناسازی مزاج کے سبب کویتا نے اپنی سالگرہ دھوم دھام سے نہیں منائی۔ کویتا کے ایک حامی نے نئی دہلی کے نواحی علاقہ میں خصوصی طیارہ میں اُڑان بھرتے ہوئے کویتا کو مبارکبادی کا بیانر ہوا میں لہرایا۔ خصوصی تربیتی طیارہ کی اُڑان کے ذریعہ کویتا کو مبارکبادی کا یہ منفرد انداز تھا۔ رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار اور وزیر بہبودی خواتین و اطفال ستیہ وتی راٹھور نے بھی کویتا کو مبارکباد پیش کی۔ ستیہ وتی راٹھور نے کہا کہ تلنگانہ میں بتکماں تہوار کو ریاستی تہوار کا درجہ دلانے میں کویتا نے اہم رول ادا کیا ہے۔ پارٹی کے کئی عوامی نمائندوں اور حامیوں نے قیامگاہ پہنچ کر کویتا کو مبارکباد پیش کی۔ وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی نے ٹوئٹر پر کویتا کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔ نظام آباد ضلع کے پوتنگل گاؤں میں سرکاری اسکول کی 80 طالبات میں سائیکلیں تقسیم کی گئیں۔ رکن اسمبلی عامر شکیل اور ٹی آر ایس کے علاوہ تلنگانہ جاگرتی کے قائدین اس موقع پر موجود تھے۔ عامر شکیل نے کہا کہ کویتا کی عوامی خدمات کے اعتراف میں ضلع میں مختلف پروگرام منعقد کئے گئے۔ طالبات کو اسکول پہنچنے میں سہولت کیلئے سائیکلیں تقسیم کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ نظام آباد کی ترقی کیلئے کویتا نے غیر معمولی مساعی کی ہے۔ کئی گاؤں میں ٹی آر ایس قائدین نے مختلف پروگرام منعقد کئے جن میں ریڈکو کے صدرنشین علیم الدین، ڈسٹرکٹ گرندھالیہ کے صدرنشین راجیشور، پارٹی کے ریاستی سکریٹری طارق انور اور دوسروں نے شرکت کی۔ر