کویتا کی شاندار کامیابی ٹی آر ایس کے ناقابل تسخیر ہونے کا ثبوت

   

اتم کمار ریڈی بوریا بستر لپیٹ کر حیدرآباد لوٹ گئے ، دوباک میں صرف ٹی آر ایس کی لہر : ہریش راؤ
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کویتا کی شاندار کامیابی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کوئی بھی ہو کامیابی ٹی آر ایس کی ہی ہوگی ۔ اسمبلی حلقہ دوباک سے کانگریس پارٹی خالی ہوگئی ۔ مقامی عوام کا تعاون نہ ملنے پر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی کے علاوہ دوسرے کانگریس کے قائدین بوریا بستر لپیٹ کر حیدرآباد واپس ہوگئے ۔ ضلع نظام آباد مقامی اداروں کونسل حلقہ سے ٹی آر ایس کی امیدوار کے کویتا کی شاندار کامیابی کا خیر مقدم کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کویتا کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کے زیر قیادت ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے ریاست کے عوام پوری طرح مطمئن ہیں ۔ کویتا کی ریکارڈ توڑ کامیابی اس کا ثبوت ہے ۔ کانگریس اور بی جے پی کے امیدوار اپنی ضمانت نہیں بچا سکے ۔ دوباک اسمبلی حلقہ کا ضمنی انتخاب ، جی ایچ ایم سی اور گریجویٹ حلقہ کونسل انتخابات ہر ایک میں ٹی آر ایس پارٹی شاندار کامیابی حاصل کرے گی ۔ حلقہ اسمبلی دوباک میں کانگریس پارٹی خالی ہوگئی ۔ کانگریس کے تمام منتخب عوامی نمائندے سرپنچس اور ایم پی ٹی سی ارکان ٹی آر ایس میں شامل ہورہے ہیں ۔ دوباک میں قیام کرنے کا حیدرآباد میں اعلان کر کے دوباک پہونچنے والے صدر تلنگانہ کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی کو صرف 2 دن کے قیام میں اندازہ ہوگیا ہے کہ کانگریس کو ووٹ ملنے والے نہیں ہے ۔ مقامی عوام کے عدم تعاون پر اتم کمار ریڈی اور دوسرے قائدین اپنا سوٹ کیس پیاک کر کے حیدرآباد لوٹ گئے ہیں ۔ بی جے پی کا بھی کوئی وجود نہیں ہے ۔ ہر طرف ٹی آر ایس کی لہر چل رہی ہے ۔ کانگریس اور بی جے پی کو اپنے ہی پارٹی قائدین کے بغاوت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ دوباک میں وار ون سائیڈ ہوچکی ہے ۔ نوجوان ، خواتین ، کسان ، مزدور اور سماج کا ہر طبقہ ٹی آر ایس کے ساتھ ہے ۔ جس کے بعد کانگریس اور بی جے پی کامیابی حاصل کرنے کے بجائے صرف اپنی ضمانت بچاتے ہوئے ذلت آمیز شکست سے بچنے کی کوشش میں مصروف ہے ۔ دوباک کے عوام غیر مقامی قائدین اور کرائے کے کارکنوں کو کوئی اہمیت نہیں دے رہے ہیں ۔۔