کویتا کی ضمانت کیلئے بی آر ایس کو بی جے پی میں ضم کرنے کی تیاریاں : مدھو یاشکی گوڑ

   

حیدرآباد 16 جولائی (سیاست نیوز) کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ مدھو یاشکی گوڑ نے الزام عائد کیاکہ کویتا کی ضمانت کو یقینی بنانے کے لئے کے سی آر اپنی پارٹی بی جے پی میں ضم کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔ کے ٹی آر اور ہریش راؤ کے حالیہ دورۂ دہلی کو بنیاد بناکر مدھو یاشکی گوڑ نے جو انکشافات کئے ہیں اُس سے سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا ہوچکی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کے سی آر کی ہدایت پر کے ٹی آر اور ہریش راؤ نے دہلی میں بی جے پی کے سرکردہ قائدین سے ملاقات کی۔ مرکزی وزراء کشن ریڈی اور بنڈی سنجے میں اِس مسئلہ پر اختلاف رائے ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کشن ریڈی نے انضمام کی تائید کی جبکہ بنڈی سنجے مخالف ہیں۔ بنڈی سنجے کا ماننا ہے کہ انضمام کی صورت میں بی جے پی کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ مدھو یاشکی گوڑ نے کہاکہ شراب اسکام میں گرفتار کویتا کی ضمانت کے لئے ہر سطح پر کی گئی کوششوں کی ناکامی کے بعد کے سی آر نے پارٹی کو بی جے پی میں ضم کرنے کا ارادہ کرلیا ہے۔ اِسی دوران راجیہ سبھا کے 4 بی آر ایس ارکان کی بی جے پی میں شمولیت کی اطلاعات بھی میڈیا میں گشت کررہی ہیں۔ 1