کاماریڈی۔2 ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سابق رکن اسمبلی گمپا گووردھن اور بی آر ایس پارٹی کے ضلع صدر ایم کے مجیب الدین نے آج ضلع کاماریڈی ہیڈ کوارٹر پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس میں ہر شخص کو پارٹی نظم و ضبط کے تحت رہتے ہوئے کام کرنا ضروری ہے اور چونکہ گزشتہ کچھ عرصہ سے کویتا پارٹی کے خلاف سرگرمیوں میں مصروف تھیں اسی بنا پر انہیں پارٹی سے معطل کیا گیا ہے۔ قائدین نے واضح کیا کہ بی آر ایس میں کوئی بھی کتنا ہی بڑا لیڈر کیوں نہ ہو یا خاندان سے تعلق کیوں نہ رکھتا ہو، سب کے لئے اصول یکساں ہیں۔ پارٹی کارکن ہی اصل طاقت ہیں اور پارٹی کے خلاف جانے والوں کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کویتا کی معطلی اس بات کی مثال ہے کہ پارٹی نظم و ضبط کے خلاف کام کرنے والے خواہ کسی بھی رشتے یا مقام پر ہوں، انہیں چھوٹ نہیں دی جائے گی۔