کویتا کے استعفیٰ سے دو حلقہ جات میں ضمنی چناؤ کے امکانات

   

جوبلی ہلز کے ساتھ نظام آباد مجالس مقامی ایم ایل سی نشست کا الیکشن ہوگا
حیدرآباد۔ 3 ستمبر (سیاست نیوز) قانون ساز کونسل کی رکنیت سے کے کویتا کے استعفی کے بعد تلنگانہ میں دو حلقہ جات کے ضمنی چناؤ کی راہ ہموار ہو جائے گی۔ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے بی آر ایس رکن اسمبلی این گوپی ناتھ کے دیہانت کے سبب اس حلقہ میں ضمنی چناؤ یقینی ہوچکا ہے۔ اسی طرح کویتا کے کونسل کی رکنیت سے استعفی کی منظوری کی صورت میں نظام آباد میں مجالس مقامی کی کونسل نشست کا ضمنی چناؤ بھی ہوگا۔ حالیہ عرصہ میں بی آر ایس قیادت سے کویتا کی بڑھتی دوری کے نتیجہ میں آخر کار انہیں پارٹی سے معطل کردیا گیا۔ کویتا نے معطلی کے فیصلے کے بعد قانون ساز کونسل کی رکنیت اور پارٹی دونوں سے استعفی کا اعلان کردیا۔ انہوں نے مکتوب استعفی صدر نشین کونسل سکھیندر ریڈی کو روانہ کرتے ہوئے فون پر بات چیت کی اور استعفی منظور کرنے کی خواہش کی۔ سکھیندر ریڈی اگر کویتا کا استعفی منظور کرلیں تو ریاست میں اسمبلی اور کونسل کی دونوں نشستوں کے لئے ضمنی چناؤ یقینی ہو جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے جوبلی ہلز کے ضمنی چناؤ کی تیاریوں کا آغاز کرتے ہوئے فہرست رائے دہندگان کو قطعیت دینے کے لئے شیڈول جاری کیا ہے۔ کے کویتا نظام آباد ضلع میں مجالس مقامی کی ایم ایل سی نشست سے منتخب ہوئی ہیں اور ان کی میعاد جنوری 2028 میں ختم ہوگی۔ بتایا جاتا ہے کہ کویتا کے استعفی کی منظوری کے باوجود کونسل کی نشست کے لئے ضمنی چناؤ کے انعقاد میں تاخیر ہوسکتی ہے کیونکہ مجالس مقامی کے انتخابات باقی ہیں۔ اگر جاریہ ماہ مجالس مقامی کے انتخابات مکمل ہو جائیں تو اکتوبر یا نومبر میں کونسل کی نشست کا ضمنی چناؤ ہوسکتا ہے۔ 1