کویتا کے بشمول ٹی آر ایس امیدواروں کاپرچہ نامزدگی داخل

,

   

کونسل انتخابات میں تمام 12 نشستوں پر ٹی آر ایس کی کامیابی یقینی ، ہریش راؤ کا دعویٰ

حیدرآباد۔ 23 ۔ نومبر (سیاست نیوز) مقامی اداروں کے کونسل انتخابات کیلئے چیف منسٹر کی دختر کویتا کے علاوہ دیگر امیدواروں نے آج آخری دن اپنے پرچہ جات نامزدگی داخل کردیا ہے ۔ اس طرح 12 نشستوں کیلئے ٹی آر ایس کے 12 امیدواروں نے اپنی نامزدگیاں داخل کردیں ۔ ریاستی وزیر فینانس و صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ مقامی اداروں کے کوٹہ میں ٹی آر ایس کے تمام امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی دختر کا نام راجیہ سبھا اور لوک سبھا کی نمائندگی کیلئے غور کیا جارہا تھا ، ان کی جگہ کانگریس سے ٹی آر ایس میں شامل اے للیتا کو امیدوار بنانے کی افواہیں گشت کر رہی تھی ۔ تاہم لمحہ آخر میں چیف منسٹر نے کے کویتا کو ضلع نظام آباد کے مقامی اداروں سے کونسل کا امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس پر آج کویتا نے ریاستی وزیر پرشانت ریڈی‘ آر ٹی سی کے صدرنشین باجی ریڈی ، گوردھن ریڈی کے علاوہ متحدہ ضلع نظام آباد کی نمائندگی کرنے والے ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی کے ساتھ کلکٹریٹ پہنچ کر پرچہ نامزدگی کے چار سیٹس داخل کئے ۔ بعد ازاں انہوں نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع نظام آباد میں مقامی اداروں کے 90 فیصد عوامی منتخب نمائندے ٹی آر ایس میں ہیں، ان کی تائید سے وہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گی ۔ اس کے ساتھ ہی کریم نگر ، محبوب نگر ، نلگنڈہ کے علاوہ دوسرے مقامات پر ٹی آر ایس کے امیدواروں نے بھی اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ مقامی اداروں کے کونسل انتخابات میں ٹی آر ایس کے تمام امیدوار بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع کے مقامی اداروں میں 75 فیصد سے زائد ٹی آر ایس کے عوامی منتخب نمائندے ہیں جس کی وجہ سے ٹی آر ایس کی بھاری اکثریت سے کامیابی یقینی ہے۔ ٹی ہریش راؤ نے بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دھان خریدنے کے معاملہ میں بی جے پی کا دوہرا معیار ہے ۔ن