کویت سٹی: کویتی امیگریشن حکام نے وزارت داخلہ کی ہدایات پرعمل کرتے ہوئے کویت آنے اورجانے والوں کیلئے بائیومیٹرک نظام کو لازمی قرار دے دیاگیا ہے۔کویتی اخبار ’الانبا‘ کے مطابق وزارت داخلہ نے فضائی ، زمینی اوربحری راستے سے کویت آنے اورجانے والے کویتیوں ، خلیجی شہریوں اورتمام غیرملکیوں کیلیے بائیومیٹرک سسٹم کو لازمی قراردیا ہے۔بائیومیٹرک سسٹم کے تحت دونوں ہاتھوں کی تمام انگلیوں کے پرنٹ اورچہرے کی اسکینگ کی جائے گی۔ اس ضمن میں بائیومیٹرک کے خصوصی سسٹم کویت کے تمام امیگریشن آفسز کوفراہم کردیے گئے ہیں۔کویتی امن عامہ کے ذرائع کا اس حوالے سے مزید کہنا ہے کہ بائیومیٹرک سسٹم کا اجرا مسافروں کی سہولت کیلئے کیا گیا ہے جس کا مقصد ادارہ امن عامہ کے سسٹم کو فول پروف بنانے کے علاوہ مسافروں کو امیگریشن کی کارروائی میں ہونے والی تاخیرکوختم کرتے ہوئے مسافروں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ نئے سسٹم سے مسافروں کو امیگریشن کی کارروائی مکمل کرنے میں محض 40 سیکنڈ کا وقت لگے گا جبکہ کسی قسم انسانی غلطی کا امکان بھی ختم ہوجائے گا۔