کویت فلپائن کے ساتھ ویزے پر پابندی کے بارے میں بات چیت کوتیار

   

کویت سٹی: کویت نے فلپائن کی جانب سے مطالبات پر عملدرآمد کی صورت میں فلپائنی شہریوں کو ویزوں کے اجراء پرعاید پابندی ختم کرنے کیلئے بات چیت پرآمادگی ظاہر کی ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق کویت کے نائب وزیر خارجہ منصور العتیبی نے کہا ہے کہ ان شرائط کے تحت فلپائن کویہ تسلیم کرنا ہوگا کہ اس کے سفارت خانے نے کویتی قوانین اور سفارتی تعلقات سے متعلق ویانا کنونشن کی خلاف ورزی کی ہے۔کویت ٹائمز نے العتیبی کے حوالے سے کہا کہ فلپائن کے سفارت خانے کو ان خلاف ورزیوں کو روکنا چاہیے۔انھیں دوبارہ نہ دْہرانے کا عہد کرنا چاہیے اور مجرموں کا احتساب کرنا چاہیے۔انھوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ آئندہ عرصے میں اس مسئلہ کو حل کر لیا جائے گا۔24مئی کو کویت کی وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ وہ فلپائن کے شہریوں کیلئے کسی بھی قسم کے ویزوں کے اجرا پرپابندی جاری رکھے گی کیونکہ منیلا نے کویت کی ان شرائط کو مسترد کردیا ہے جن کا مقصد کارکنوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنا ہے۔بیان کے مطابق کہ وزارتِ داخلہ نے کویت کی خودمختاری یا کویتی شہریوں کے وقار پر کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کو مسترد کرنے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ ان خلاف ورزیوں کو ‘ریڈ لائن’ سمجھا جاتا ہے۔