کویت میں بیرونی ممالک کے افراد کیلئے متعدد سہولیات کا اعلان

   

کویت سٹی ۔20 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) کویت نے کورونا بحران کے باعث ملک میں مقیم غیر ملکیوں کو متعدد سہولتیں دینے کا اعلان کیا ہے۔کویتی نیوز ایجنسی کونا کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ملک کے تمام صوبوں میں شعبہ اقامہ کے دفاتر بند ہونے کے باعث ملک میں مقیم اقامہ ہولڈر و وزٹ ویزوں کے حامل غیر ملکیوں کے علاوہ بیرون ملک میں موجود اقامہ کے حامل افراد کو سہولتیں دینے کا فیصلہ ہوا ہے۔وزارت نے کہا ہے کہ ملک میں مقیم اقامہ ہولڈروں کے علاوہ کسی بھی ویزے پر موجود غیر ملکیوں کے اقاموں اور ویزوں کی 31 مئی تک توسیع کی جارہی ہے۔وزارت نے کہا ہے کہ تمام غیر ملکیوں کو یکم مارچ سے 31 مئی تک وقتی اقامے جاری کرنے کا تصور ہوگا۔وزارت نے کہا ہے کہ جو اقامہ ہولڈر بیرون ملک میں ہیں اور پروازوں کی معطلی کی وجہ سے واپس نہیں آسکے انہیں مزید تین ماہ تک چھٹی پر تصور کیا جائے گا۔وزارت نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم وہ غیر ملکی جن کے اقامہ نافذ العمل ہیں ان کی چھٹیوں میں اقامے کی مدت نافذ ہونے تک اور حالات کے حساب سے مزید چھٹی دی جاسکتی ہے۔وزارت نے کہا ہے کہ جو اقامہ ہولڈر غیر ملکی بیرون ملک میں ہیں اور اس اثنا میں ان کے اقاموں کی مدت ختم ہوگئی ہے، انہیں چاہئے کہ وہ وزارت داخلہ کی ویب سائٹ کے ذریعہ اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔وزارت نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم اقامہ ہولڈروں پر کوئی جرمانہ نہیں ہوگا اگر وہ 31 مئی تک وزارت کی ویب سائٹ پر اپنے کوائف کا اندراج کرواتے ہیں-