کویت میں خانگی ملازمین پر کاروبار کرنے کی پابندی

   

کویت سٹی : کویتی وزارت تجارت نے نیا قانون جاری کیا ہے جس کے تحت پرائیوٹ سیکٹر میں کام کرنے والے ملازمین پر کاروبار کرنے یا کسی کاروبار میں شریک بننے پر پابندی عائد کی ہے ۔ وزارت تجارت نے کہا ہے کہ نئے قوانین کے مطابق صرف و غیر ملکی کویت میں کاروبار کرسکتے ہیں یا کسی کاروبار میں شریک ہوسکتے ہیں جن کے پاس انویسٹر کا اقامہ ہوگا ۔ وزارت تجارت نے لیبر قوانین کے تحت دفعہ 19میں بھی ترمیم کی ہے جس کا تعلق غیر ملکی سرمایہ داروں سے ہے ۔ کویتی وزارت تجارت نے کہا ہے کہ اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ کویت میں مقیم 10 ہزار غیر ملکی جو پرائیوٹ سیکٹر سے تعلق رکھتے ہیں وہ 45 ہزار تجارتی لائسنس کے مالک ہیں یا کسی نہ کسی حد تک شریک ہیں ۔ وزارت نے کہا ہے کہ نئے قانون کے بعد کسی بھی غیر ملکی کو کاروبار یا سرمایہ کاری کی اجازت نہیں ہوگی سوائے ان افراد کے جن کے پاس انویسٹر کا اقامہ ہوگا ۔نیا قانون منظور ہونے کے بعد وہ تمام تجارتی لائسنس منسوخ قرار دیئے جائیں گے جن میں دفعہ 19کے تحت نہ آنے والا کوئی غیر ملکی شریک یا مالک ہوگا ۔