کویت میں شادی کے خواہاں غیر ملکیوں کیلئے اہم ہدایات

   

کویت سٹی : کویتی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ شادی کے خواہشمند تمام افراد اپنا طبی معائنہ لازمی کرائیں۔ مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق غیرملکی جوڑوں کے لیے بھی یہ ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے ، اس اقدام کا مقصد معاشرتی حوالے سے صحت کو برقرار رکھتے ہوئے موروثی امراض کا خاتمہ کرنا ہے ۔ کویتی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مذکورہ پابندی کا نفاذ صحت سے متعلق قوانین کو جدید خطوط پر استوار کرنے ، صحت مند ازدواجی زندگی کو یقینی بنانے اور بین الاقوامی طبی معیارات کے مطابق طریقہ کار کو ہم آہنگ کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے ۔تازہ ترین اطلاعات کے مطابق یہ طبی معائنہ کویت میں ہونے والے تمام دستاویزی نکاح ناموں کیلئے لازم ہوگا، چاہے دونوں فریق کویتی ہوں، ان میں سے کوئی ایک کویتی ہو، یا دونوں غیر ملکی ہوں۔ مزید برآں، شادی سے قبل طبی معائنہ کے عمل کو مزید آسان بنانے کیلئے ڈیجیٹل ایپلی کیشنز کا استعمال بھی متعارف کرایا جائے گا۔
اس سے قبل یہ معائنہ صرف کویتی شہریوں کے لیے لازمی تھا۔