کویت میں شہریت کی منسوخی سے متاثرہ افراد کیلئے ایک اورموقع

   

کویت سٹی ، 23 جولائی (یو این آئی) کویت کی وزارت داخلہ نے ان غیر ملکی افراد کے لیے چار ماہ کی عارضی توسیع کردی ہے جن کی کویتی شہریت گزشتہ دنوں منسوخ کردی گئی تھی۔کویت کی حکومت کے اس اقدام کے تحت شہریت کی منسوخی سے متاثرہ افراد ان چار ماہ کے دوارن کویتی پاسپورٹ استعمال کرسکتے ہیں اور اپنی رہائش کی قانونی حیثیت کو درست کرنے کے حوالے سے رجوع کرسکتے ہیں۔حکومت کا یہ اقدام کویت میں جعلی شہریت کے خلاف کیے جانے والے کریک ڈاؤن کے تناظر میں اٹھایا گیا ہے ، جو حالیہ برسوں میں شدت اختیار کرچکا ہے ۔10جولائی 2025 کو جاری کردہ قواعد و ضوابط کے مطابق وہ افراد جنہوں نے کویتی شہریت کسی پر رشتہ دار یا عزیز کے ذریعے حاصل کی تھی انہیں فوری طور پر اپنے اصل ملک کے سفارت خانے سے پاسپورٹ یا مستند سفری دستاویزات حاصل کرنا ہوں گی۔یہ دستاویزات کویت میں قانونی رہائش کے لیے ضروری ہیں، ان افراد کو اپنے عمل کا تحریری ثبوت بھی فراہم کرنا لازمی ہوگا تاکہ ان کیلیے عارضی توسیع کے دوران کچھ محدود سہولیات تک رسائی برقرار رکھی جا سکے ۔مذکورہ چار ماہ کی عارضی مدت کے دوران متاثرہ افراد کو چند بنیادی حقوق جیسے ملازمت، اعلیٰ تعلیم، رہائش کیلیے محدود رسائی فراہم کی جائے گی۔