کویت سٹی، 20مارچ (یو این آئی) مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان کویت کی بڑی آئل ریفائنری ‘مینا الاحمدی’ پر ڈرون حملہ ہوا ہے ، جس کے نتیجے میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کویتی حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ کارروائی ایران کی جانب سے خلیجی ممالک کی توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ کویت کی سرکاری نیوز ایجنسی نے قومی پیٹرولیم کمپنی کے حوالے سے بتایا ہے کہ آج کئی ڈرونز نے مینا الاحمدی ریفائنری کو نشانہ بنایا۔ حملے کے بعد ریفائنری کے مختلف حصوں میں آگ لگ گئی، جس کے باعث آپریشنل یونٹس کو فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے ۔ کویتی سرکاری خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے ۔ آگ پر قابو پانے کیلئے فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر موجود ہے ۔ واضح رہے کہ مناء الاحمدی آئل ریفائنری کا شمار کویت کی بڑی آئل ریفائنریز میں ہوتا ہے ۔