کویت کی اپنے شہریوں کو جلد از جلد عراق چھوڑنے کی ہدایت

   

بغداد : بغداد میں قائم کویتی سفارتخانہ نے عراق میں موجود اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ حالات کی کشیدگی کے سبب جلد از جلد یہاں سے واپسی اختیار کریں۔کویت کی سرکاری نیوز ایجنسی ‘کیونا’ کے مطابق کویتی سفارتخانے نے عراق کے سفر کا ارادہ رکھنے والے شہریوں کو بھی اپنا عزم ملتوی کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ حالات کی بہتری تک کسی ہنگامی صورتحال سے بچ سکیں۔عراق میں جاری سیاسی تعطل پر طاقتور شیعہ لیڈر مقتدیٰ الصدر کے سیاست چھوڑنے کے فیصلے کے بعد پیر کو بغداد میں تشدد آمیز واقعات کو روکا نہیں جا سکا ہے۔ اب تک تقریبا 20 افراد ہلاک اور 350 زخمی ہوگئے ہیں۔مقتدیٰ الصدر کے وفادار نوجوان ان کے اعلان پر احتجاج کرتے ہوئے بغداد کی سڑکوں پر نکل آئے تھے اوران کی تہران کے حمایت یافتہ گروہوں کے حامیوں کے ساتھ جھڑپیں ہوئی ہیں۔انھوں نے بغداد کے انتہائی سکیورٹی والے علاقے گرین زون کے باہر ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا۔