کٹرپسندی یقینا خطرہ کیا لنچنگ کٹرپسندی نہیں ؟

   

حیدرآباد : اے آئی ایم آئی ایم کے حیدرآباد ایم پی اسداویسی نے کہا ہیکہ کسی بھی جگہ کٹرپسندی قانون کی حکمرانی کیلئے خطرہ ہوتی ہے جس میں اختلاف رائے کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے افغانستان میں طالبان کنٹرول اور متعلقہ تبدیلیوں پر حکومت ہند کے مبہم موقف پر تنقید کی اور کہا کہ مرکزی حکومت نے افغان صورتحال پر کوئی ٹھوس موقف کا اظہار نہیں کیا ہے۔ حکومت کو طالبان کی کٹرپسندی نظر آتی ہے لیکن کیا بے قصور لوگوں کو لنچنگ کا نشانہ بنانا کٹرپسندی نہیں؟ کیا گوڈسے کو دیش بھکت قرار دیکر برسراقتدار پارٹی کے ایم پیز کا جشن منانا کٹرپسندی نہیں؟ وزیراعظم اس طرح کے واقعات کی واضح مذمت کرنے سے خوفزدہ نظر آتے ہیں۔ حیدرآباد ایم پی نے سلسلہ وار ٹوئیٹس میں سوال کیا کہ کیا طالبان پر حکومت کا موقف امریکہ کی ہدایات کے موافق ہو گا؟