کٹر مسلمان مندر کی تائید میں نہیں ، ویدانتی کی شرانگیزی

   

لکھنو ۔12 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) رام جنم بھومی نیاس کے ممبر رام ولاس ویدانتی نے آج اشتعال انگیز دعویٰ کیا کہ کٹر افراد کے سواء مسلم کمیونٹی ایودھیا میں عظیم الشان رام مندر تعمیر کرنے کے حق میں ہے ۔ ویدانتی نے یہاں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 80 فیصد مسلمان جن میں کٹر پسند شامل نہیں ، چاہتے ہیں کہ ایودھیا میں رام للاکی جگہ مندر تعمیر کیا جائے ۔ انھوں نے کہاکہ شیعہ وقف بورڈ کے چیرمین وسیم رضوی نے بھی اتفاق کیا ہے کہ رام مندر ایودھیا میں تعمیر کی جائے جبکہ لکھنو میں کچھ دیگر شیعہ اکثریتی مقام پر مسجد بھی تعمیر کی جاسکتی ہے ۔ ویدانتی کا یہ تبصرہ جمعرات کو سپریم کورٹ کی ہدایات کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے جس میں رام جنم بھومی ۔ بابری مسجد اراضی تنازعہ بمقام ایودھیا کے سیاسی طورپر حساس کیس میں جاری ثالثی کے بارے میں پیشرفت رپورٹ طلب کی گئی ہے ۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ اگر ثالثی کسی نتیجہ پر نہ پہنچے تو 25 جولائی سے روزانہ کی اساس پر سماعت شروع کی جاسکتی ہے ۔ ویدانتی رام جنم بھومی نیاس کے کارگذار صدر بھی ہیں اور اُنھوں نے کہاکہ ایودھیا میں مغل حکمراں بابر کا نام کبھی نہیں تھا اور اس شہر میں سب کچھ لارڈ رام کے نام پر ہے ۔