فیصلہ عصمت ریزی میں مزاحمت کرے گا :سربراہ بی ایس پی مایاوتی
جموں ۔11 جون (سیاست ڈاٹ کام) کٹھوعہ جنسی زیادتی و قتل کیس کی متاثرہ بچی کے والد محمد یوسف پجوال کے ذاتی وکیل مبین فاروقی کا کہنا ہے کہ وہ کیس کے تین کلیدی مجرمین کی سزائے موت اور دیگر تین کی سزاؤں میں مزید اضافے کے لئے ہریانہ ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔یاد رہے کہ پیر کے روز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج پٹھان کوٹ ڈاکٹر تجویندر سنگھ نے کٹھوعہ عصمت دری و قتل واقعہ کے منصوبہ ساز و سابق سرکاری افسر سانجی رام، پرویش کمار اور ایس پی او دیپک کھجوریہ کو تاحیات قید کی سزا جبکہ دیگر تین بشمول ایس پی او سریندر کمار، سب انسپکٹر آنند دتا اور ہیڈ کانسٹیبل تلک راج کو پانچ پانچ سال قید کی سزا سنائی۔جج موصوف نے سانجی رام کے بیٹے وشال جنگوترا کو ٹھوس شواہد کی عدم موجودگی کی بناء پر بری کردیا۔مبین فاروقی نے کہا کہ مجرمین کی سزاؤں کو مزید سخت کرانے کے لئے وہ متاثرہ بچی کے والد کی اپیل لیکر پنجاب ۔ ہریانہ ہائی کورٹ کی طرف رجوع کریں گے۔یہ اپیل سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق دائر کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ ہم کیس کے تین کلیدی مجرمین سانجی رام، پرویش کمار اور ایس پی او دیپک کھجوریہ کی تاحیات عمر قید کی سزا کو سزائے موت میں تبدیل کرانے، تین دیگر ملزموں ایس پی او سریندر کمار، سب انسپکٹر آننددتا اور ہیڈ کانسٹیبل تلک راج کی پانچ پانچ برسوں کی سزا میں مزید اضافہ کرانے اور بری شدہ ملزم وشال جنگوترا کو بری قرار دینے کے خلاف پنجاب ۔ہریانہ ہائی کورٹ کا دورازہ کھٹکھٹائیں گے
اور استغاثہ بھی ان معاملات پر اعلیٰ عدالتوں کی طرف رجوع کرے گا۔لکھنؤ سے موصولہ اطلاع کے بموجب بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی نے آج کہاکہ ہولناک کٹھوعہ گیانگ ریپ و قتل کیس میں سزاء دہی مزاحم کا کام کرے گی اور لوگوں کو اس طرح کے بھیانک جرائم کے ارتکاب سے روکے گی ۔ پیر کو ایک عدالت نے تین مجرمین بشمول مندر کے نگرانکار کو تاحیات قید کی سزاء سنائی ، ان ملزمین کو جموں و کشمیر کے کٹھوعہ میں ایک 8 سالہ خانہ بدوش لڑکی کے اغواء ، گیانگ ریپ اور قتل کی پاداش میں سزاء سنائی گئی ہے ۔ ان کے ساتھ دیگر تین ملزمین کو بھی مجرم پایا گیا ۔ 17 ماہ قبل اس واقعہ نے قوم کو دہلادیا تھا ۔ مایاوتی نے کہاکہ اس طرح کی سزائیں ملک بھر میں دینا چاہئے تاکہ قانون کی حکمرانی پوری طرح قائم ہوجائے ۔ انھوں نے ٹوئٹر پر کہا کہ عدالت کی جانب سے کٹھوعہ کیس میں سنائی گئی سزاء کئی لوگوں کے لئے عبرت کا کام کرے گی اور کئی لوگ اس طرح کے جرائم کے ارتکاب سے رُک جائیں گے ۔ اس گھناؤنے جرم کے سرغنہ اور مقامی دیوستھانم کے نگرانکار سانجھی رام کو تاحیات قید کی سزاء ہوئی۔
