برلن، 27 جون (آئی اے این ایس) ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ (ویمن) 2024-25 میں اپنی ناکامیوں کے سلسلے کو توڑنے اور واپسی کی امید کے ساتھ 28 اور 29 جون کو برلن میں چین کے خلاف اہم ڈبل ہیڈرکھیلے گی۔ ہندوستانی ہاکی ٹیم کی کپتان سلیمہ ٹیٹے کی قیادت میں ٹیم قومی مردوں کی ہاکی ٹیم سے حوصلہ لے رہی ہے، جنہوں نے گزشتہ ہفتے بیلجیئم کے خلاف فتح کے ساتھ اپنا پرو لیگ سفر ختم کیا اور پوائنٹس ٹیبل پر آٹھواں مقام حاصل کیا۔ فی الحال چین چوتھے نمبر پر ہے جبکہ ہندوستان نویں اورآخری مقام پر موجود ہے۔ ہندوستان اور چین دونوں کے دو دو میچز باقی ہیں۔ کپتان سلیمہ نے کہا ہمارے لیے یہ ہفتے کے آخر میں بہت اہم ڈبل ہیڈر(دو مقابلے) ہے۔ ہم مردوں کی ٹیم کی بیلجیئم کے خلاف متاثرکن جیت سے تحریک حاصل کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا یہ پرو لیگ ہمارے لیے ایک سیکھنے کا تجربہ رہا ہے۔ ہمیں کئی شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے۔ ہم واپسی پر اس کارکردگی کا جائزہ لیں گے لیکن اس وقت ہماری مکمل توجہ چین کے خلاف اچھا کھیل پیش کرنے پر مرکوز ہے۔ ہندوستان کو چین کے خلاف گزشتہ مقابلوں میں برتری حاصل رہی ہے، خاص طور پر نومبر 2024 میں بہار میں منعقدہ ایشین چمپئنز ٹرافی میں، جہاں ہندوستان نے پول میچ میں 3۔0 اور فائنل میں 1۔0 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ تاہم گزشتہ پرو لیگ سیزن میں ہندوستان کو 1۔2 سے شکست ہوئی تھی۔ سلیمہ نے کہا چین ہمارے لیے ایک جانی پہچانی ٹیم ہے۔ ہم ان کی طاقت سے آگاہ ہیں۔ وہ ایک سخت حریف ہیں، لیکن ہم اپنی طاقت پر کھیلیں گے۔ہندوستانی کپتان نے مزید کہا کہ حالیہ مظاہروں سے ٹیم کے حوصلے بلند ہیں اور وہ کل ہونے والے مقابلے میں چین کے لئے حالات مشکل کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔