کپتان کمنز کا چمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے کا خدشہ

   

میلبورن : آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے کا خدشہ ہے۔ پیٹ کمنز ٹخنے کی تکلیف کا شکار ہیں اور انہوں نے بولنگ شروع نہیں کی، ان کی غیر موجودگی میں سری لنکا کے خلاف جاری ٹسٹ سیریز میں اسٹیو اسمتھ کپتانی کررہے ہیں۔ آسٹریلوی ہیڈکوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے شدید خدشے کا اظہار کیا اور کپتانی کے لیے ٹریوس ہیڈ اور اسٹیو اسمتھ سے بات چیت کی بھی تصدیق کردی۔ اینڈریو میکڈونلڈ کے بموجب پیٹ کمنز نے ابھی بولنگ کا آغاز نہیں کیا ہے، ان کا زخم کی وجہ سے چمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے کا قوی امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹ کمنزکی غیرموجودگی میں ہمیں نئے کپتان کی ضرورت ہوگی، اسٹیو اسمتھ اور ٹریوس ہیڈ کے ساتھ کپتانی پر بات چیت چل رہی ہے۔ آئندہ چند روز میں میڈیکل رپورٹس آنے کے بعد صورتِ حال واضح ہوگی۔ آسٹریلیائی ونڈے اسکواڈ جمعرات کو دورہ سری لنکا کے لیے روانہ ہوگا، پیٹ کمنزاسکواڈ کے ہمراہ سری لنکا نہیں جائیں گے۔ یاد رہے کہ آل راؤنڈر مچل مارش فٹنس مسائل کے باعث پہلے ہی چمپئنز ٹرافی سے باہر ہو چکے ہیں۔
راشد ٹی20 میں سب سے زیادہ وکٹس لینے والے بولر
دبئی : افغانستان کے اسپنر راشد خان ٹی ٹوئنٹی میچوں میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں راشد نے اپنیکیریئرکی 632 ویں وکٹ حاصل کی اور631 وکٹیں حاصل کرنے والے ڈوائن براووکو پیچھے چھوڑا۔ ڈی جے براوو نے546 اننگز میں 11183گیندیں پھینک کر631 وکٹیں لی تھیں۔راشد نے 457 اننگز میں 10552 گیندیں ڈال کر براوو سے زیادہ وکٹیں حاصل کی ہیں۔