کپل دیو اور دھونی کو مدعو نہ کئے جانے پر مداح شدید برہم

   

نئی دہلی ۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو پہلی بار ورلڈ کپ دلوانے والے سابق کپتان کپل دیوکو بورڈ بھول گیا، اس کا انکشاف خود سابق کپتان اور آل راؤنڈر کھلاڑی نے میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا ہے۔ میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سابق کپتان کپل دیو نے دورانِ انٹرویو انکشاف کیا کہ گزشتہ اتوارکو ہندوستان اور آسٹریلیا کے مابین ہوئے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کے فائنل میچ میں مجھے مدعو نہیں کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی کی جانب سے فائنل میچ میں کرکٹ ورلڈکپ جیتنے والے تمام ممالک کے سابق کپتانوں کو اعزازی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ سابق کپتان کپل دیو جن کی قیادت میں ہندوستان نے پہلی بارکرکٹ کے میدان میں عالمی کپ جیتا تھا، فائنل میچ کے دوران ایک ٹی وی شو میں نظر آئے، جس پر ان سے میچ میں عدم موجودگی کی وجہ معلوم کی گئی۔ انہوں نے میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھے وہاں مدعو نہیں کیا گیا تو میں وہاں نہیں گیا بلکہ یہاں بلایا گیا تو میں یہاں آگیا۔ انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میں تو چاہتا تھا کہ 1983ء کی پوری فاتح ٹیم میرے ساتھ اسٹیڈیم میں موجود ہو لیکن مجھے لگتا ہے کہ یہ اتنا بڑا ایونٹ ہے اور لوگ ذمے داریوں کو سنبھالنے میں اتنے مصروف ہیں کہ بعض اوقات وہ بھول جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہندوستان کو دوسری مرتبہ ورلڈ کپ جتوانے والے ہندوستانی سابق کپتان مہندرسنگھ دھونی بھی میدان میں نظر نہیں آئے۔ دو عظیم کپتانوں کے ساتھ بورڈ کے اس طرح کے برتاؤپر کرکٹ شائقین کافی ناراض ہیں انہوں نے بورڈ پر گندی سیاست کرنے کا الزام لگایا ہے۔