کپل دیو کینسر میں مبتلا گائیکواڈ کو اپنی پنشن دینے کو تیار

   

نئی دہلی: انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو نے سابق ساتھی کرکٹر انشومن گائیکواڈ کے علاج کیلئے اپنی پنشن دینے کا اعلان کیا ہے۔ بھارت کو پہلا ورلڈکپ جتوانے والی ٹیم کے کپتان کپل دیو نے انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) سے اپیل کی ہے کہ وہ سابق ٹسٹ کرکٹر 71 سالہ انشومن گائیکواڈ کی مالی مدد کرے جو اس وقت بلڈ کینسر کا شکار ہیں اور لندن کے کنگس کالج ہاسپٹل میں ایک سال سے زیر علاج ہیں۔ کپل دیو نے کہا کہ وہ کسی کو ایسی حالت میں نہیں دیکھ سکتے جس نے ان کے ساتھ کھیلا بھی ہے۔ کپل دیو نے کہا کہ ان کے ساتھ کھیلنے والے سنیل گواسکر، سندیپ پاٹل، مدن لال، روی شاستری، کیرتی آزاد اور دیگر کھلاڑی بھی گائیکواڈ کے علاج کیلئے امداد جمع کرنے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔ سابق بھارتی کپتان نے امید ظاہر کی کہ بی سی سی آئی اس معاملے کو دیکھے گا اور گائیکواڈ کے علاج کیلئے مالی امداد کرے گا۔ کپل دیو نے کہا کہ خوشی ہے ، آج کے کھلاڑی اچھے پیسے کما رہے ہیں، ہمارے وقت بورڈ کے پاس اتنا پیسہ نہیں تھا، آج انہیں سابقہ کھلاڑیوں کا خیال رکھنا چاہیے مگر بدقسمتی سے ہمارے پاس کوئی سسٹم نہیں، لوگ پیسے کہاں بھیجیں؟ ایک ٹرسٹ ہونا چاہیے تاکہ لوگ وہاں اپنی رقم دیں اور میرے خیال سے بی سی سی آئی یہ کام کرسکتا ہے۔ سابق کرکٹر نے کہا کہ ٹرسٹ موجودہ اور سابقہ کھلاڑیوں کا خیال رکھے اور اگر ہماری فیملی ہمیں اجازت دے تو ہم اس میں اپنی پنشن کی رقم بھی دیں گے۔