نئی دہلی۔ دہلی کے چیف منسٹر اروندکیجریوال نے اتوار کو آزاد راجیہ سبھا رکن کپل سبل کے نئے اقدام کی تعریف کی اور لوگوں کو ان کے ساتھ شامل ہونے کی تلقین کی۔ سبل نے ہفتے کے روز اعلان کیا تھا کہ وہ انصاف کے سپاہی کے نام سے ایک ویب سائٹ شروع کریں گے، تاکہ ناانصافی کے خلاف لڑنے میں شہریوں کی مدد کی جاسکے اور اپوزیشن کے وزرائے اعلیٰ اور جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ اس اقدام میں ان کی مدد کریں۔کیجریوال نے ہندی میں ٹویٹ کیا یہ کپل سبل صاحب کی ایک اہم پہل ہے۔ میں سب سے اس پہل میں شامل ہونے کی اپیل کرتا ہوں اور ہم سب مل کر ناانصافی کے خلاف لڑیں گے۔ہفتہ کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، سبل نے جنترمنتر پر11 مارچ کو ویب سائٹ کو متعارف کرنے کے دوران کہا تھا، وہ ملک کے لیے ایک ویژن دستاویزکی نقاب کشائی بھی کریں گے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ کوئی سیاسی اقدام نہیں ہے بلکہ تبدیلی کا محرک ہے۔آزاد رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ وکلاء کو اپنی آواز اٹھانی چاہئے، انہوں نے مزید کہا کہ میں ایک تحریک شروع کرنا چاہتا ہوں کیونکہ ہر جگہ ناانصافی ہوتی ہے چاہے وہ کاروبار ہو، صحافت ہو، عوام اور اپوزیشن۔ سبل نے الزام لگایا تھا کہ منتخب حکومتیں غیر مستحکم ہو چکی ہیں ۔