کپل مشرا کا بیان شرمناک، حکومت کی عدم کارروائی مزید شرمناک: پرینکا

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی۔26 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس قائد پرینکا گاندھی وڈرا نے چہارشنبہ کو کہا کہ بی جے پی قائد کپل مشرا نے جو کچھ بھی بیان دیا ہے وہ انتہائی شرمناک ہے اور اس سے زیادہ شرمناک بات یہ ہے کہ کپل مشرا کے اناپ شناپ بیان پر حکومت نے خاموشی اختیار کررکھی ہے۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی کی پریس بریفنگ کے فوری بعد جہاں سونیا گاندھی نے امیت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا تھا، پرینکا گاندھی نے دہلی کے تمام لوگوں سے تشدد برپا نہ کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے ایکبار پھر اپنی بات دہرائی اور کہا کہ کپل مشرا نے جو کچھ کہا وہ تو شرمناک تھا ہی لیکن حکومت کا کوئی کارروائی نہ کرنا مزید شرمناک ہے۔ انہوں نے دہلی کے عوام کے علاوہ کانگریس پارٹی کے تمام ورکرس سے بھی شہر میں قیام امن کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔ یاد رہے کہ قبل ازیں کپل مشرا نے واضح طور پر ایک اکسانے والا بیان دیتے ہوئے تمام احتجاجیوں کو ان کے احتجاجی مقامات سے زبردستی ہٹانے کی بات کہی ہے۔