کپواڑہ دہشت گرد ماڈیول کااہم ملزم دہلی میں گرفتار

   

نئی دہلی: جموں و کشمیر کے کپواڑہ ضلع میں حال ہی میں پکڑے گئے دہشت گرد ماڈیول معاملے میں مطلوب ایک اہم ملزم کو نئی دہلی میں گرفتار کیا گیا ہے ۔پولیس نے آج کہا کہ ریٹائرڈ سپاہی ریاض احمد، جو اس کیس کا مرکزی ملزم ہے اور کپواڑہ ضلع میں لائن آف کنٹرول کے قریب ایک گاؤں کا رہنے والا ہے ، کو اتوار کو نئی دہلی ریلوے اسٹیشن سے گرفتار کیا گیا۔دہلی میں پولیس نے کہا کہ وہ خورشید احمد راتھر اور غلام سرور راتھر (دونوں کو جموں و کشمیر پولیس نے 27 جنوری کو گرفتار کیا گیا تھا) کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے پار سے اسلحہ اور گولہ بارود حاصل کرنے کی سازش میں ملوث تھا۔
جموں و کشمیر پولیس اور فوج نے 27 جنوری کو کپواڑہ ضلع میں لشکر طیبہ کے پانچ دہشت گرد ساتھیوں کو گرفتار کیا جو مبینہ طور پر اسلحہ اور گولہ بارود کی اسمگلنگ میں ملوث تھے ۔ ماڈیول کو پاکستان مقبوضہ کشمیر میں مقیم دو دہشت گرد ماسٹرز منظور احمد شیخ عرف شکور اور قاضی محمد خوشحال کے ذریعہ چلایا جارہا تھا۔دونوں اس وقت سرحد پار سے کام کر رہے تھے ۔ سیکورٹی فورسز نے گرفتار کیے گئے پانچ عسکریت پسند ساتھیوں سے پانچ اے کے رائفلیں (شارٹ)، پانچ اے کے میگزین اور 16 شارٹ اے کے راؤنڈ بھی برآمد کیے ۔پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 4 فروری کو جموں و کشمیر کی تفتیشی ایجنسیوں سے ایک خاص اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ریاض راتھر، جو حال ہی میں ان کے ذریعہ پکڑے گئے دہشت گردی کے ماڈیول کیس میں مطلوب ہے ، مفرور ہے اور علی الصبح نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پہنچ جائے گا۔