سری نگر : ا سپیشل انوسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کشمیر نے کپوارہ میں پاکستان میں مقیم ایک جنگجو کی جائیداد (اراضی) قرق کر دی ہے ۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایس آئی یو کپوارہ پولیس نے پاکستان سے آپریٹ کرنے والے ایک جنگجو کی جائیداد (اراضی) منسلک کر دی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مقیم یہ جنگجو در اصل دیور لولاب کا رہنے والا ہے اور اس نے نوے کی دہائی میں سر حد پار کیا ہے ۔بیان میں جنگجو کی شناخت الماس رضوان خان ولد مرحوم محمد اکبر خان ساکن دیور لولاب کے بطور کی گئی ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ جنگجو نوے کی دہائی میں سرحد پار کرنے کے بعد سے جموں وکشمیر کے امن اور سیکورٹی کے لئے ایک خطرہ ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ اس اقدام کا مقصد مذکورہ جنگجو کے غیر قانونی نیٹ ورک کو روکنا اور اس کی طرف سے ملی ٹنسی کی مزید کاررائیاں انجام دینے کی صلاحیتوں کو محدود کرنا ہے ۔