کپِل مشرا کیخلاف ایف آئی پنجاب پولیس سے اندرون 48 گھنٹے میں جواب طلبی

   

نئی دہلی۔ 10 جنوری (یواین آئی) دہلی اسمبلی کے اسپیکر وجیندر گپتا نے دہلی کے ثقافت کے وزیر کپِل مشرا کے خلاف جالندھر میں ایف آئی آر درج کئے جانے کے مسئلے پر سخت رویہ اختیار کرتے ہوئے پنجاب کے پولیس ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) گورو یادو، خصوصی پولیس ڈائریکٹر جنرل (سائبر کرائم) ارپت شکلا اور جالندھر کی پولیس کمشنر دھنپریت کور کو نوٹس جاری کیا ہے اور ان سے 48 گھنٹوں میں جواب دینے کو کہا ہے ۔ گپتا نے ہفتہ کو دہلی اسمبلی میں پریس کانفرنس کے دوران بغیر نام لئے عام آدمی پارٹی پر نشانہ لگایا اور کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ جوویڈیو اسمبلی کی ہے ، اس کا استعمال سیاسی فائدے کے لئے کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کل جو ہوا وہ بہت افسوسناک ہے ۔ یہ ہندوستان کے آئین پر حملہ ہے ۔ جس ویڈیو کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے ، وہ کسی نجی ذریعہ کی ریکارڈنگ نہیں ہے بلکہ یہ اسمبلی کے اندر کی سرکاری ریکارڈنگ ہے ۔ یہ مکمل طور پر اسمبلی کی ملکیت ہے ۔ اسمبلی کی ملکیت کا غلط استعمال اور اس کی بنیاد پر ایک رکن و وزیر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنا ایک سنگین معاملہ ہے ۔ اسی لئے ہم نے کارروائی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان افسران سے 48 گھنٹوں میں اپنی پوزیشن واضح کرنے کو کہا گیا ہے ۔ اگر وہ اس مدت میں جواب نہیں دیتے تو ہم مزید کارروائی کریں گے ۔ یہ کوئی معمولی معاملہ نہیں ہے ۔