جناب زاہد علی خاں کا اظہار خوشنودی، ضرورتمندوں میں 1.12 لاکھ جوڑوں کی تقسیم
سیاست ملت فنڈ فیض عام ٹرسٹ اور ہلپنگ ہینڈ کے ذمہ داروں کیلئے غرباء کی ڈھیر ساری دعائیں
حیدرآباد ۔ 11 ستمبر (سیاست نیوز) بھوکوں کو کھانا کھلانا (غذائی اشیاء فراہم کرنا) اور ننگوں کو کپڑے پہنانا ایسا نیک عمل ہے جس سے اللہ رب العزت بہت خوش ہوتے ہیں۔ اس طرح کے نیک کام کیلئے اللہ تعالیٰ اپنے خاص بندوں کو منتخب کرتا ہے۔ اس معاملہ میں ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان، سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین، صدرنشین ہیلپنگ ہینڈ ڈاکٹر شوکت علی مرزا اور کینیڈا میں مقیم فی سبیل اللہ چیاریٹی کی ڈاکٹر یاسمین خوش نصیب ہیں کہ وہ بلالحاظ مذہب و ملت غریب خاندانوں میں زنانی، مردانی، بچکانی ملبوسات شادی کے جوڑے (لباس عروسی اور دلہوں کیلئے شیروانی پاجامہ، جوتے چپلس) تقسیم کرتے آرہے ہیں۔ عابد علی خان آئی ہاسپٹل دارالشفاء میں کپڑا بنک کا کام کرتا ہے۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان نے کپڑا بنک کا دورہ کرتے ہوئے اس کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اکرم علی انچارج کپڑا بنک اور دیگر پیاکنگ اسٹاف موجود تھا۔ واضح رہیکہ 29 اپریل 2016ء کو کپڑا بنک کا آغاز ہوا اور اس وقت کپڑا بنک کے ذریعہ 10 ہزار کپڑوں کے جوڑے غریب و ضرورتمند خاندانوں میں تقسیم کئے گئے تھے۔ اس نیک کام میں کینیڈا کی چیاریٹی تنظیم فی سبیل اللہ کی ڈاکٹر یاسمین کا اہم کردار رہا جو وہاں سے مستعملہ ملبوسات کے کھیپ روانہ کرتی رہیں۔ جناب زاہد علی خان کو کپڑا بنک کے انچارج اکرم علی نے بتایا کہ یومیہ کم از کم 15 ضرورتمند خاندانوں میں بچکانی، زنانی اور مردانہ ملبوسات کی تقسیم عمل میں آتی ہے۔ اس بنک سے بلالحاظ مذہب و ملت سب لوگ استفادہ کرتے ہیں۔ ان خاندانوں کو بیاگس، ہیڈکوور، جوتے چپلیں بھی دیئے جاتے ہیں۔ ماہانہ 200 تا 300 خاندانوں کا احاطہ کیا جاتا ہے اور ان میں ملبوسات کے 1500 تا 1600 پیاکٹس کی تقسیم عمل میں آتی ہے۔ اپنے قیام سے اب تک کپڑا بنک کے ذریعہ ایک لاکھ 12 ہزار 646 کپڑوں کے جوڑوں کی تقسیم عمل میں آئی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ سیاست ملت فنڈ فیض عام ٹرسٹ اور ہیلپ ہینڈ نے کپڑا بنک کی سرگرمیوں کو وسعت دیتے ہوئے تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں بھی ضرورتمندوں تک کپڑے و دیگر سامان پہنچایا جس سے ضرورتمند خاندانوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھر گئیں۔ اس کے علاوہ جموں و کشمیر، پٹنہ (بہار)، مظفرنگر (یوپی اور دہلی میں بھی کپڑا بنک کے ذریعہ ملبوسات تقسیم کئے گئے۔ جناب زاہد علی خان نے اس بات پر خوشنودی کا اظہار کیا کہ اس کپڑا بنک سے تاحال 28 ہزار خاندانوں نے استفادہ کیا۔ اس سلسلہ میں حیدرآبادی عوام کا بھی غیرمعمولی تعاون حاصل رہا خاص کر سیاست ملت فنڈ، فیض عام ٹرسٹ اور ہیلپنگ ہینڈ کے عطیہ دہندگان قابل ستائش ہیں۔