کچرے دان میں پی پی اے کٹ کی دستیابی ، عوام میں دہشت

   

حیدرآباد :۔ کچرے میں پی پی ای کٹس نظر آنے پر مقامی لوگوں میں خوف و دہشت پیدا ہوگئی ہے ۔ کورونا کے متاثرین یا ان کا علاج کرنے والے ڈاکٹرس و طبی عملہ کی جانب سے پہنے جانے والا پی پی ای کٹ تانڈور کے کچرے دان کے قریب نظر آیا جس سے عوام میں تشویش پھیل گئی ۔ تانڈور شہر میں سابق میونسپل چیرمین این نرسمہلو کے کمپاونڈ کے قریب مقامی عوام نے کچرے میں پی پی ای کٹ کو دیکھا اور فوری اس کی اطلاع میونسپل کمشنر سرینواس ریڈی اور ضلع ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ملکا ارجن سوامی کو دی ۔ عہدیدار فوری پہونچکر اس کا معائنہ کیا ۔ بلدیہ کے مزدوروں کی مدد سے پی پی ای کٹ کو کچرے دان سے ہٹادیا ۔ تاہم یہ پی پی ای کٹ کہاں سے آیا اور کون اس کو پھینکا اس کا پتہ نہیں چلا ۔ وہاں پر سی سی کیمرے کی عدم موجودگی سے اس کی نشاندہی نہیں ہوسکی ۔ کٹ استعمال کر کے پھینک دئیے ہوں گے یا پھر یہ بھی ہوسکتا ہے کہ تانڈور میں کوئی کورونا وائرس سے متاثر ہوا ہو اور گھر میں ہی آئسولیشن میں ہو کر علاج کرایا ہو اس کے بعد پی پی ای کٹ کچرے دان میں پھینک دیا ہو مقامی عوام نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر کوئی کورونا وباء سے متاثر ہوا ہو تو اس کا گھر کے بجائے آئسولیشن سنٹر میں علاج کرائے ۔۔